پنجاب کے وزیرِ اعلٰی سردار عثمان بزدار ہی رہیں گے، پنجاب میں فارورڈ بلاک کی خبروں میں رہنے والے پی ٹی آئی کے ارکانِ اسمبلی کی غضنفر عباس چھینہ کی قیادت میں وزیر اعظم اور وزیرِ اعلٰی پنجاب سے ملاقات اور اپنی بے لاگ وفاداری کی یقین دہانی سے جاری افواہوں کا قلع قمع ہو گیا، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی پریس کانفرنس

پیر 27 جنوری 2020 23:44

لاہور۔27 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے بعد حکومتِ پنجاب کے ناقدین، اپوزیشن اور میڈیا کے کچھ عناصر کے اذہان میں اس بارے میں کوئی شکوک و شبہات نہیں رہنے چاہیئیں کہ پنجاب کے وزیرِ اعلٰی سردار عثمان بزدار ہی رہیں گے۔ پنجاب میں فارورڈ بلاک کی خبروں میں رہنے والے پی ٹی آئی کے ارکانِ اسمبلی کی غضنفر عباس چھینہ کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات اور اپنی بے لاگ وفاداری کی یقین دہانی اور وزیرِ اعظم کے ویژن پر بھرپور اعتماد کے اظہار سے پچھلے کچھ دنوں سے جاری افواہوں کا قلع قمع ہو گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ڈی جی پی آر آفس میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے بعد بننے والی سیاسی صورتحال پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے لیڈر تو اپنی پلیٹیں ٹھیک کرانے چلے گئے لیکن ویلج آفیسرز کو پیچھے چھوڑ گئے جن کی سیاسی بقا صرف شور مچانے میں ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو سیاحت اور سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک قرار دیا ہے، دہشت گردی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تقریباً ختم ہو گیا ہے، تمام بڑے قومی اداروں کا ریونیو بڑھ گیا ہے، میکرو لیول انڈیکیٹرز بہتر ہو گئے ہیں۔

ان حالات میں اپوزیشن ارکان ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو بغیر پڑھے لڈیاں ڈالتے رہے۔ دو دن بعد ہنڈیا عین چوراہے میں پھوٹی تو انکو خبر ہوئی کہ یہ رپورٹ تو ان کے اپنے دور سے متعلق تھی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ غیر ملکی دوروں پر "مالِ مفت دلِ بے رحم" اور رام رام جپنا پرایا مال اپنا" کے فارمولے کے تحت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ اجاڑنے والے گزشتہ سربراہان کے برعکس وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک سچے اور محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے دوستوں اور خاندان کی مدد سے کم خرچ میں ورلڈ اکنامک فورم ڈیووس کا دورہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ اگلا سال پاکستان میں مہنگائی کے خاتمے، بے روزگاروں کو نوکریاں دینے اور بہتر ہوتی معیشت کے اثرات مائیکرو لیول تک پہنچانے کا ہے۔ حمزہ شہباز کے ایک بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ن لیگ کے آمرانہ، جابرانہ اور ظالمانہ رویوں کی وجہ سے ان کے آدھے سے زیادہ ارکان اسمبلی پی ٹی آئی سے مسلسل رابطے میں ہیں، لہٰذا کھڑکیاں اور دروازے کھولنے کی غلطی مت کیجئے گا۔

انہوں نے حمزہ شہباز کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو ایک انٹرنیشنل ادارہ گردانتے ہوئے آپ کے ابا جی نے رپورٹ پر لڈیاں ڈالیں، انہیں یاد کرائیں کہ ڈیلی ٹائمز بھی ایک انٹرنیشنل ادارہ ہے جسکے رپورٹر ڈیوڈ روز کو لندن کی سڑکوں پر گھسیٹنے کا دعویٰ علی احمد خان اور احسن اقبال نے شہباز شریف کی جانب سے کیا تھا۔ عظمیٰ بخاری کی حکومت پر تنقید کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عظمیٰ بخاری 2013 تک پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ن لیگ کے خلاف بولتی رہیں، 2013 سے 2023 تک وہ ن لیگ کے پلیٹ فارم سے پاکستان تحریکِ انصاف کے خلاف بولیں گی۔ ہو سکتا ہے 2023 کے بعد وہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف بولتی نظر آئیں۔