مافیا پیسہ بنانے کیلئے ملک میںمہنگائی کرتا ہے ،سب کو پکڑیں گے چھوڑیں گے نہیں ، عمران خان

مافیا کا مقابلہ کرینگے ، ملک کو بدلیں گے ،جیسے جیسے ہم میرٹ سے پیچھے ئے ملک پیچھے چلا گیا ،جو بھی معاشرہ میرٹ سے ہٹتا ہے وہ تباہ ہوجاتا ہے ، اقربا پروری سفارشی کلچر کے باعث ہمارے ادارے کمزور ہوئے ، وزیراعظم ظ* ابھی مشکل وقت ہے یہ قوم کی آزمائش کا وقت ہے، مشکل وقت زندگی کا حصہ ہے اس سے گھبراتے نہیں ،،ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان آبادی ہے، نوجوانوں کی کامیابی سے قومیں کامیاب ہوتی ہیں اور وہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، کامیاب نوجوان پروگرام جتنا میرٹ پر چلے گا اتنا کامیاب ہوگا، پروگرام کے تحت میرٹ پر قرضے دیے جائیں گے اور کامیاب جوان پروگرام میں درخواست گزاروں میں کسی قسم کا امتیاز نہیں کریں گے،کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب

منگل 28 جنوری 2020 00:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ مافیا پیسہ بنانے کے لیے ملک میں مہنگائی کرتا ہے جسے پکڑیں گے اور کسی کو نہیں چھوڑیں گے، ان کا مقابلہ کریں گے اور ملک کو بدلیں گے،جیسے جیسے ہم میرٹ سے پیچھے گئے ملک پیچھے چلاگیا اور جو بھی معاشرہ میرٹ سے ہٹتا ہے وہ تباہ ہوجاتا ہے، اقربا پروری اور سفارشی کلچر کے باعث ہمارے ادارے کمزور ہوئے، ابھی مشکل وقت ہے یہ قوم کی آزمائش کا وقت ہے، مشکل وقت زندگی کا حصہ ہے اس سے گھبراتے نہیں ہیں۔

کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان آبادی ہے، نوجوانوں کی کامیابی سے قومیں کامیاب ہوتی ہیں اور وہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام جتنا میرٹ پر چلے گا اتنا کامیاب ہوگا، پروگرام کے تحت میرٹ پر قرضے دیے جائیں گے اور کامیاب جوان پروگرام میں درخواست گزاروں میں کسی قسم کا امتیاز نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن میرٹ نہ ہونے کے باعث ملک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا، اقربا پروری اور سفارشی کلچر کے باعث ہمارے ادارے کمزور ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، پاکستان کو عظیم ملک بنانے میں نوجوانوں کو ہاتھ ہوگا، ہمارا ملک ٹیلنٹ ہونے کے باوجود دنیا سے مقابلہ نہیں کرپا رہا جبکہ نچلے طبقے پر خرچ کریں تو ملک ترقی کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے جاتے رہتے ہیں، میرا ایک ہی خواب ہے کہ پاکستان کو عظیم ملک بناؤں، وہ ملک بناؤں جو قائد اعظم، علامہ اقبال کی خواہش تھی، ابھی مشکل وقت ہے یہ قوم کی آزمائش کا وقت ہے، مشکل وقت زندگی کا حصہ ہے اس سے گھبراتے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی اجلاس میں وزیروں کو گھبرائے ہوئے دیکھتا ہوں، وزیر کہتے ہیں لوگ کہہ رہے ہیں مہنگائی ہوگئی، وزرا کو کہتا ہوں مہنگائی سے گھبرائیں نہیں اس سے سیکھیں، مافیا پیسہ بنانے کے لیے ملک میں مہنگائی کرتا ہے جسے پکڑیں گے اور کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔

قبل ازیںوزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت میرٹ پر نوجوانوں کو قرضے دیے جا رہے ہیں، ماضی کی حکومتوں نے جوانوں کو نظرانداز کیا۔ کامیاب جوان پروگرام وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے چھوٹے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا، کامیاب جوان پروگرام کا مقصد کاروبارمیں مدد فراہم کرناہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری جی ڈی پی کا 40 فیصد ہیں، بینکنگ شعبے کو بھی ایس ایم ای سے متعلق سوچ بدلنا ہوگی۔معاون خصوصی نے کہا کہ اسکیم کا آغازکیا تو 15 دن میں ساڑھے 12 لاکھ نوجوانوں نے درخواست دی، ڈھائی لاکھ نوجوانوں کی درخواست غلط بیانی کی وجہ سے مسترد ہوئیں۔#