6 سربراہان مملکت کے بیرونی دوروں پر 4 ارب 47 کروڑ روپے خرچ ہوئے

سابق سربراہان مملکت سے غیرضروری اخراجات اور خاندان کے میڈیکل بل واپس لینے کا فیصلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 28 جنوری 2020 14:26

6 سربراہان مملکت کے بیرونی دوروں پر 4 ارب 47 کروڑ روپے خرچ ہوئے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 جنوری۔2020ء) پاکستانی سربراہان مملکت نے 2008 تا 2018 کی ایک دہائی کے دوران غیر ملکی دوروں پر اربوں روپے کے اخراجات کیے وفاقی حکومت نے غیر ملکی دوروں کے دوران غیر ضروری اخراجات کرنے والے سابق سربراہان مملکت سے رقوم واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے. تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے2008 سے 2018 تک سربراہان مملکت اور حکومت کے 9 غیر ملکی دوروں کے معاملے پر غیر ضروری اخراجات کرنے والوں سے رقوم واپس لینے کا فیصلہ کر لیا گیا.

وزیراعظم آفس کے ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے سربراہان مملکت کے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات کابینہ ارکان کو بھیج دی گئی ہیں.گزشتہ دس سالوں میں 6 سربراہان مملکت نے333 غیرملکی دورے کیے ۔

(جاری ہے)

سابق صدر آصف زرداری نے 134 ، سابق صدر ممنون حسین نے 31 ، سابق وزیر اعظم نوازشریف نے 92، یوسف رضا گیلانی نے 48 ، شاہد خاقان عباسی نے 19 اور راجہ پرویز اشرف نے 9 غیر ملکی دورے کیے.سابق صدر آصف زرداری نے غیر ملکی دوروں پر 1 ارب 42 کروڑ جبکہ ممنون حسین نے 27 کروڑ 82 لاکھ روپے خرچ کیے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے سب سے زیادہ ایک ارب 83 کروڑ روپے خرچ کیے.

سابق وزرائے اعظم ، یوسف رضا گیلانی نے 57 کروڑ 16 لاکھ ، شاہد خاقان عباسی نے 25 کروڑ 95 لاکھ اور راجہ پرویز اشرف نے 10 کروڑ 71 لاکھ روپے بیرون ملک دوروں پر خرچ کیے اخراجات کی تفصیل میں سربراہان مملکت کا علاج و معالجہ بھی شامل ہے. ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے غیر ضروری اخراجات کرنے والے سابق سربراہان سے رقوم واپس لینے کا فیصلہ کر لیا اور اس ضمن میں تمام وزارتوں، ڈویژن کو اہم ہدایات دے دی گئی ہیں.

سربراہان اور فیملیز کے علاج معالجے پر لگنے والی رقوم واپس لی جائیں گی جبکہ پرائیویٹ سیکیورٹی، کیمپ آفسز اور انٹرٹینمنٹ کی مد میں خرچ ہونے والی رقم بھی واپس لی جائے گی. وفاق نے صوبائی حکومتوں کو بھی کارروائی کی ہدایات دی ہیں وفاقی کابینہ اجلاس میں آج اس حوالے سے پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی جائیگی.