ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست جاری کرنے کے خلاف درخواستوں پر رپورٹ طلب

منگل 28 جنوری 2020 15:19

ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست جاری کرنے کے خلاف درخواستوں پر رپورٹ طلب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کی جانب سے لاہورشہر کے ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست جاری کرنے کے خلاف درخواستوں پر جامع رپورٹ طلب کر لی۔لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے خواجہ عقیل احمد عرف گو گی بٹ اور منشا بم کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست بدنیتی پر مشتمل ہے، عدالت فہرست کالعدم قرار دے۔

(جاری ہے)

عدالت کے حکم کے باوجود آئی جی پنجاب پولیس پیش نہ ہوئے، ڈی آئی جی لیگل جواد ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ پیش کی، جس کو عدالت نے مسترد کر دیا اور جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت نے سپیشل سیکرٹری ہوم سے استفسار کیا کہ یہ لسٹ کیسے جاری ہو گئی، اس لسٹ پر سیکشن افسر کے دستخط میچ کروا کر رپورٹ دیں، عدالت نے حکم دیا کہ اس معاملہ کی انکوائری کی جائے اور ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جائے،گزشتہ سماعت پر عدالت کے روبرو ہوم سیکرٹری پنجاب نے پیش ہو کر ٹاپ ٹین کی لسٹ بنانے سے لا علمی کا اظہار کیا تھا اور عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ ٹاپ ٹین کی لسٹ پر جس سیکشن افسر کے دستخط ہیں، وہ ہمارا ملازم نہیں ہے۔