کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو فوری انصاف فراہم کرنا ہے، ڈپٹی کمشنر پشین

منگل 28 جنوری 2020 15:25

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری کی ہدایت پر ڈی سی کمپلیکس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) امین اللہ ناصر نے کھلی کچہری صدارت کی۔ شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلیئے موقع پر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امین اللہ ناصر نے کہاکہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کی افسران تک رسائی کو آسان بنانااور ان کے مسائل دریافت کرکے فوری انصاف فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ لوگوں کی شکایات وسائل اپنے دفتر میں حل کرنے پر توجہ دیں اوراس سلسلے میں درخواست کو خندہ پیشانی سے سن لیں، انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کریں کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو) فضل یوسف زئی ،اسسٹنٹ کمشنرز، پشین،کاریزات،برشور،حرمزء سمیت تمام سرکاری محکموں کے نمائندوں کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے نمائندے انجمن تاجران حقیقی سول سوسائٹی اور کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری کے دوران عوام کی جانب سے متعدد شکایات پیش کی گئیں جن میں سوئی سدرن گیس پریشر کمی،بارش برفباری سے متاثر، سیوریج صفائی صحت سے متعلق شکایات شامل تھیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں عوام کے بنیادی مسائل ہر وقت حل کرنا ان کے فرائض میں شامل ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔