اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی روکنے کے لیے حکم امتناعی جاری

سابق وفاقی وزیرکی اہلیہ کا موقف ہے گلبرگ کا گھر شوہرنے انہیں تحفے میں دیدیا تھا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 28 جنوری 2020 15:56

اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی روکنے کے لیے حکم امتناعی جاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 جنوری۔2020ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے لاہور میں موجود گھر کی نیلامی سے روکتے ہوئے نوٹس جاری کردیا ہے.اسحاق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحاق کی جانب سے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس لبنی سلیم پرویز نے کی.

درخواست گزار کی جانب سے قاضی مصباح ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں موجود گھر 14 فروری 1989 کو اسحاق ڈار نے حق مہر کے عوض اپنی اہلیہ کو دے دیا تھا.

(جاری ہے)

وکیل نے کہا کہ نیب نے مذکورہ گھر منجمد کرنے کے بعد نیلامی کے لیے پنجاب حکومت کی تحویل میں دےدیا تھا وکیل نے عدالت کو بتایا کہ احتساب عدالت نے تبسم اسحاق کی جانب سے نیب کے اقدام کے خلاف دائر درخواست 7نومبر 2019 کو خارج کردی تھی.

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد احتساب عدالت کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کردیا‘اسلام آباد ہائی کورٹ نے7 نومبر 2019 کے احتساب عدالت کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر کے 13 فروری تک جواب طلب کر لیا ہے. خیال رہے کہ مذکورہ گھر کی نیلامی آج ہونا تھی تاہم عدالت کے حکم کے بعد اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی روکنے کے لیے ان پرسنل سیکرٹری منصور رضوی حکم امتناعی لے کر پہنچے.اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاون ذیشان رانجھا اور اے ڈی سی انور بریال بھی موجود تھے، جن کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے گھر سے متعلق جو حکم امتناعی آیا ہے اس کا جائزہ لیں گے بعدازاں تحصیل دار ماڈل ٹاﺅن نے اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاﺅن کے کہنے پر عدالت کا سٹے آڈرکی وصول کر لیا.

واضح رہے کہ 28 جولائی 2017 کو پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو کو اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا گیا تھا جس کے بعد ان کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے منجمد کردیے گئے تھے.بعدازاں نیب نے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے 3 ریفرنسز میں اشتہاری قرار دیئے گئے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملک میں موجود منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی نیلامی کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر 2 اکتوبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثے نیلام کرنے کا حکم دے دیا تھا.