اومان کے نئے سلطان نے اہم حکم نامہ جاری کر دیا

سلطان ھیثم بن طارق نے اپنے نام کے ساتھ اعلیٰ حضرت اور السلطان المعظم لگانے سے منع کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 28 جنوری 2020 16:02

اومان کے نئے سلطان نے اہم حکم نامہ جاری کر دیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28جنوری 2020ء) اومان کے نئے فرمانروا کی جانب سے اہم حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اپنے سابق پیشرو سلطان قابوس کی جانب سے اختیار کیے گئے القابات کو منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایک خلیجی اخبار کے مطابق سلطنت اومان کے نئے فرماں روا سلطان ھیثم بن طارق نے حکم جاری کیا ہے کہ وہ سابق حکمرانوں کے ساتھ استعمال ہونے والے تمام القابات منسوخ کر رہے ہیں۔

اس حکم نامے میں انہوں نے تاکید کی ہے کہ آئندہ سے انہیں کوئی ’السلطان المعظم‘ یا ’اعلیٰ حضرت‘ کہہ کر مخاطب نہیں کرے گا۔ مستقبل میں ہونے والی تمام سرکاری خط کتابت اور دیگر اہم سفارتی موقعوں اور بات چیت میں اُن کے لیے صرف ’سلطان اومان‘ کا نام ہی استعمال ہو گا۔ تحریر اور بات چیت میں صرف ’سلطان اومان‘ کا لفظ ہی برتا جائے گا۔

(جاری ہے)

سلطان ھیثم بن طارق کی جانب سے تمام وزارء اور مشیران کو جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ”میرے لیے یہ باعثِ اعزاز بات ہو گی کہ آپ مجھے سرکاری اور نجی نوعیت کی خط و کتاب میں ’مولانا، اعلیٰ حضرت، عزت ماب سلطان معظم کے القاب سے مخاطب نہ کریں، بلکہ صرف ھیثم بن طارق سلطان عمان ہی لکھا اور بولا جائے۔

واضح رہے کہ سلطان اومان کے ہر دلعزیز حکمران سلطان قابوس بن سعید 10 جنوری 2020ء کو طویل علالت کے بعد79 سال کی عمر میں انتقال فرما گئے تھے۔ سلطان قابوس نے 50 سال تک سلطنت عُمان کی باگ ڈور سنبھالے رکھی۔جس پر اومان میں سرکاری طور پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ سلطان قابوس کے بعد دُنیا بھر کی توجہ اس بات پر لگ گئی تھی کہ اُن کی جگہ اب کون سلطنت عمان کا انتظام سنبھالے گا جو اُنہی کے جیسے ویژن اور ترقی پسندانہ سوچ کو لے کر آگے چلے اور مملکت کو مزید ترقی کی بلندیوں پر فائز کر دے۔

سلطان قابوس ایک نیک دِل اور عادل حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔بعد میں ہیثم بن طارق السعید ، سلطان قابوس کے جانشین نامزد کر دیئے گئے ۔ ہیثم بن طارق نے آکسفورڈ یونی ورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ عمان کی وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل اور انڈر سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 13 اکتوبر 1956 کو پیدا ہوئے اور ان کی عمراس وقت 65 سال ہے۔

متعلقہ عنوان :