بھارتی ملازمہ نے سعودی کفیل کوزندہ جلا دِیا

ملزمہ نے بزرگ کفیل کے پاس موجود 1 لاکھ 20 ہزار ریال کی رقم ہتھیانے کے لیے اتفاقیہ آتش زدگی کا ڈراما رچایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 28 جنوری 2020 16:41

بھارتی ملازمہ نے سعودی کفیل کوزندہ جلا دِیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28جنوری 2020ء) سعودی عرب میں اکثر ایسے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں جن میں کفیلوں کی جانب سے اپنے ملازمین یا گھریلو خادماؤں سے نامناسب سلوک کیا جاتا ہے یا پھر انہیں کئی کئی سال تک اپنے پاس محبوس رکھ کر تنخواہیں بھی ادا نہیں کی جاتیں۔ تاہم اب ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے جس میں کفیل کا کردار ایک مظلوم شخص کاہے جسے ایک گھریلو خادمہ نے انتہائی سفاکی سے زندہ جلا کر مار ڈالا۔

سعودی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج سے ایک ماہ پہلے معمر سعودی شخص کی آتش زدگی کے واقعے میں ہلاکت کے حوالے سے یہ خوفناک انکشاف سامنے آ گیا ہے کہ وہ اتفاقیہ آتش زدگی کے نتیجے میں اللہ کو پیارا نہیں ہوا بلکہ اُس کی بھارتی ملازمہ نے ایک منصوبے کے تحت اُس کے کمرے کو آگ لگا دی تھی تاکہ وہ اس کے کمرے میں موجود ایک لاکھ 20 ہزار ریال کی رقم بغیر کسی شک و شبہے کے چوری کر سکے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مجمعہ کے علاقے میں ایک سعودی خاندان نے اپنے گھر کے سربراہ کی دیکھ بھال کے لیے بھارت سے گھریلو خادمہ منگوائی۔ جس نے اپنے 70 سالہ کفیل کی جی بھر کر خدمت کی۔اسی دوران خادمہ کو پتا چلا کہ بزرگ نے اپنے کمرے میں 1 لاکھ 20ہزار ریال کی بڑی رقم رکھی ہوئی ہے تو اُس کی نیت خراب ہو گئی۔ خادمہ نے ایک منصوبہ تشکیل دیا اور اس پر اس روز عمل کیا جب بزرگ اپنے کمرے میں سو رہا تھا اور باقی گھر والے کہیں باہر گئے ہوئے تھے۔

خادمہ نے وہاں موجود تمام رقم چُرا لی اور پھر کمرے میں آگ لگا دی، جس کی لپیٹ میں آ کر بزرگ کفیل تڑپ تڑپ کر زندہ جل جانے سے انتقال کر گیا۔ سوگوار گھر والوں نے اس واقعے کو حادثہ قرار دے دیا۔ جس کی وجہ سے پولیس والوں نے کیس کی تفتیش بند کر دی اور ملازمہ پکڑے جانے سے صاف بچ گئی۔ تاہم گھر والوں کو اس وقت شک پڑا جب ٹھیک ایک ماہ کے بعد ملازمہ نے وطن واپس جانے سے قبل اپنے لیے مہنگی مہنگی چیزیں خریدنا شروع کر دیں۔

جب خادمہ کی واپسی کا دِن آیا تو چند افراد اُسے گاڑی پر لینے کے لیے آئے۔ خادمہ نے جب چند بڑے سُوٹ کیس اُن کے حوالے کیے تو گھر والوں کا ماتھا ٹھنکا کہ ایک غریب ملازمہ کے پاس واپس جاتے وقت اتنا سارا سامان اور قیمتی چیزیں کیسے آ گئیں۔ پُوچھ گچھ کیے جانے پر خادمہ پریشان ہو گئی تو گھر والوں کو کچھ شک ہوا۔ فوری طور پر پولیس کو طلب کیا گیا تو خادمہ نے گھر کے بزرگ کفیل کو جان سے مارنے کی سازش اور اس کی رقم ہتھیانے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ خادمہ کوقتل اور چوری کے الزام میں گرفتار کر کے استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔ اگلے چند روز میں خادمہ پر عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا۔
بھارتی ملازمہ نے سعودی کفیل کوزندہ جلا دِیا