10 سال میں 24 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا گیا. مراد سعید

کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 73 فیصد کمی آئی ہے. فردوس عاشق اعوان کی بریفنگ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 28 جنوری 2020 19:56

10 سال میں 24 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا گیا. مراد سعید
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 جنوری۔2020ء) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں شامل سندھ سے تعلق رکھنے والے وزرا سمیت اکثریت نے صوبائی پولیس کے سربراہ کے لیے تجویز کردہ مشتاق مہر کے نام پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے.وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر مراد سعید کے ہمراہ بریفنگ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں 18 نکات سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر اور کروناوائرس پر بھی بات کی گئی.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایجنڈے میںآئی جی سندھ کی تعینات کا معاملہ سرفہرست تھا، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات میں چند نام میں اتفاق رائے اور بات چل رہی تھی لیکن جب یہ نام کابینہ میں رکھے گئے تو اکثریتی اراکین خصوصاً اتحادی اور کراچی، سندھ سے تعلق رکھنے والے کابینہ اراکین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا.انہوں نے کہا کہ کراچی کے اندر سیاسی طور پر نشانے بنانے کے عمل کو سامنے رکھ کر اکثریت کی رائے کا احترام کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے گورنر سندھ کو وزیراعلیٰ سے ایک مرتبہ پھر مشاورتی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور ہدایات دی ہیں.فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مجوزہ نام اور نئے نام جن پر دونوں کا اتفاق رائے ہو ان کو کابینہ کے سامنے لایا جائے اور مشتاق مہر کی تعیناتی کے حوالے سے اختلاف ہوا ہے اور اس معاملے کو گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ کی مشاورت کے بعد کابینہ کے ایجنڈے میں لایا جائے گا.وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں میں حکمرانوں کی جانب سے کی گئی عیاشیوں کا پیسہ ایک ماہ میں نکلوایا جائے گا بصورت دیگر قانونی کارروائی ہو گی‘مراد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قوم کے ٹیکس کا پیسہ بچا رہے ہیں جبکہ ماضی میں قومی اداروں کو گروی رکھ کر قرضے لیے گئے 10 سال میں 24 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا گیا اور قرضوں کے باوجود صحت، تعلیم سمیت کسی شعبے میں بہتری نہیں آئی.انہوں نے کہا کہ ماضی میں قوم کے ٹیکس کے پیسوں پر عیاشیاں کی گئیں شریف خاندان کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 2 ہزار 753 تھی.مراد سعید نے کہا کہ جاتی امرا کی فنسنگ پر 27 کروڑ روپے خرچ کیے گئے بیرون ملک علاج کے لیے نواز شریف خصوصی طیارے پر گئے جبکہ وزیر اعظم عمران خان بیرونی دوروں پر بھی قومی ایئرلائن یا سعودی ایئر لائن استعمال کرتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 872 کروڑ 59 لاکھ سے زائد کی عیاشیاں کیں انہوں نے بتایا کہ کابینہ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ماضی میں پیسوں کا جو ضیاع کیا گیا وہ ان سے نکلوایا جائے گا اور اگر انہوں نے ایک ماہ میں لوٹی گئی رقم واپس نہیں کی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی.وفاقی وزیر نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے اپنے دور میں ملتان اور لاہور میں 5 کیمپ آفس بنا رکھے تھے جبکہ آصف علی زرداری نے تین کیمپ آفس بنا رکھے تھے آصف علی زرداری نے سیکیورٹی کے نام پر 163 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کیے.خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کراچی کا دورہ کیا تھا اور میڈیا رپورٹس کے مطابق ا?ئی جی سندھ کلیم امام کی تبدیلی کے حوالے سے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے مشاورت کے بعد مشتاق مہر کے نام پر اتفاق کرلیا گیا تھا.ملاقات سے متعلق قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کے پاس یہ ماننے کی وجوہات تھیں کہ وفاق اور صوبے نے تقریباً اس معاملے کو حل کرلیا ذرائع نے بتایا تھا کہ وزیراعظم نے نہ صرف وزیراعلیٰ کے پولیس کمانڈ میں تبدیلی سے متعلق بات کو سنا تھا بلکہ اس پر کافی حد تک اتفاق بھی کیا تھا جبکہ سندھ کے گورنر نے بھی مراد علی شاہ کی بات کی حمایت کی تھی.ان کا کہنا تھا کہ نئے آئی جی سندھ کے لیے صوبائی حکومت نے غلام قادر تھیبو، مشتاق احمد مہر اور ڈاکٹر کامران فضل کے نام تجویز کیے ہیں اس سے قبل وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو واضح پیغام دیا تھا کہ وہ یکطرفہ طور پر آئی جی سندھ کلیم امام کو واپس یا تبدیل نہیں کریں گے.

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے سندھ چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت اور فیڈریڈنگ یونٹس کے درمیان 1993 کے معاہدے کے تحت انسپکٹر جنرل آف پولیس کا چارج ایڈیشنل آئی جی کو دینا درست نہیں ہوگا.دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے 20 جنوری کو مذکورہ معاملے پر صوبائی حکومت کو وفاقی حکومت کا جواب موصول ہونے تک آئی جی سندھ کلیم امام کو ہٹانے سے روک دیا تھا.

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں ‘توانائی کمیٹی کے فیصلے کی منظوری دی گئی ہے، ای سی سی کے 20 جنوری کے اجلاس کے فیصلوں اور یوریا کی قیمت 395 روپے مقرر کرنے کے فیصلے کی بھی منظوری دی گئی.فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ممبر فنانس نورالحق کو اوگرا کا وائس چیئرمین مقرر کرنے کے لیے کابینہ نے منظوری دی ہے جبکہ ایجنڈے کے آٹھویں نکتے کو واپس کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں کوریا کی کمپنی کو کچھ تحفظات تھے کیونکہ کمیکلز بھارت سے منگوانے تھے جس کی اجازت طلب کی گئی تھی جس کو کابینہ نے مسترد کردیا کیونکہ ابھی ہم کشمیر کے معاملے پر یوم یکجہتی منانے کی تیاری کررہے ہیں.انہوں نے کہا کہ نیشنل کمیشن برائے حقوق اطفال کے چیئرمین اور اراکین کی تعیناتی کی سمری کو بھی واپس کردیا گیا ہے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن 1996 ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی گئی.انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ایکٹ اے پی پی آرڈیننس 2002 کے فلم سنسربورڈ قوانین میں ترامیم کی منظوری دی ہے اس کا مطلب ترامیم کے ذریعے ان اداروں کو انتظامی امور چلانے کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے.انہوں نے بتایا کہ ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس اجرا کے لیے رولز میں ترمیم ہوئی ہے، اسلم خان کو پی آئی اے کارپوریشن بورڈ میں پرائیویٹ رکن کے طور پر تعنیاتی کی منظوری دی گئی اس کے علاوہ ادارہ جاتی اصلاحات پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کی گئی، اسی طرح نوید الہٰی اور رانا شکیل اصغر کو سی بی اے بورڈ میں ایڈوائزری چارج دینے کی منظوری دی گئی ہے.

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ کو پاکستان میں اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے حوالے سے تازہ رپورٹ پر آگاہ کیا جس کے مطابق کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 73 فیصد کمی آئی ہے ‘جولائی سے دسمبر تک کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 2.2 ارب ڈالر ہے، ٹریڈ توازن میں 39 فیصد بہتری آئی ہے جبکہ برآمدات میں 4.5 فیصد بہتری ہوئی ہے. فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ زرعی شعبے میں طلب و رسد میں خلا کو سامنے رکھتے ہوئے وزیرمنصوبہ بندی نے کابینہ کو مکئی، چاول، گندم اور دیگر زرعی اجناس کے ذخیرے کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا.

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں کورونا وائرس پر بھی تفصیلی بات ہوئی اور وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چین کے شہر ووہان میں موجود پاکستانیوں کی مدد اور رپورٹ دینے کی ہدایت کی جبکہ مشیر صحت اس حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کریں گے.معاون خصوصی اطلاعات کا کشمیر پاکستان کا مرکزی مسئلہ ہے اور پوری قوم یوم یک جہتی کشمیر 5 فروری کو قومی بیانیے کے طور پر مناتی ہے اور اس حوالے سے اقدامات پر کایبنہ کو بریفنگ دی گئی. فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں میڈیا سے درخواست کرتی ہوں کہ آج سے ایک گھنٹہ کشمیر کے ساتھ جوڑیں خواہ وہ ڈاکومینٹری کی شکل میں ہو یا چینلز اپنی پالیسی کے تحت اس مسئلے کو بھرپور اٹھائیں.