پی ٹی ایم کے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی گرفتاری کی خبرغلط نکلی

علی وزیرکی موجودہ صورتحال میں کارکنان کو پرامن رہنے کی اپیل ،پی ٹی ایم کی تحریک جاری رہے گی۔پی ٹی ایم کے رکن قومی اسمبلی علی وزیرکا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 28 جنوری 2020 20:03

پی ٹی ایم کے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی گرفتاری کی خبرغلط نکلی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جنوری 2020ء) پی ٹی ایم کے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی گرفتاری کی خبر غلط نکلی، علی وزیرنے موجودہ صورتحال میں کارکنان کو پرامن رہنے کی اپیل کردی ہے،اسلام آباد پولیس نے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کی گرفتاری کیخلاف رہنماؤں اور کارکنان نے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی کال دے رکھی تھی، آج اسلام آباد میں پی ٹی ایم کے رہنماء رکن قومی اسمبلی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے محسن داوڑ کوساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا، محسن داوڑ کو گرفتارکرکے تھانہ کوہسار منتقل کیا گیا۔

جہاں پر کارکنان پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات تھیں کہ پولیس نے محسن داوڑ اور علی وزیر دونوں اراکین اسمبلی کو گرفتار کی ہے۔ تاہم اب پی ٹی ایم رہنماء علی وزیر نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے کہ ان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ منظور پشتین اور ساتھیوں کی رہائی تک تحریک جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے ایم این اے محسن داوڑ اور ان کے دیگر ساتھیوں کواحتجاج مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین ریاست مخالف نعرے لگا رہے تھے، جس پر ان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس سے قبل منظور پشتین کو پشاور میں یونیورسٹی ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پشاور کی مقامی عدالت نےمنظور پشتین کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف مقدمہ ڈی آئی خان میں درج ہے، ضمانت کی سماعت بھی ڈی آئی خان کی عدالت کرے گی۔ ڈی آئی خان میں تہلکال پولیس اسٹیشن کے محرر شیراز نے بتایا کہ منظور پشتین کے خلاف ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک مقدمہ درج تھا اور اس سلسلے میں وہ پولیس کو مطلوب تھے۔