چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری کی جانب سے نیشنل کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2017ء کو زیر بحث لانے کا معاملہ نمٹا دیا

منگل 28 جنوری 2020 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی جانب سے نیشنل کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2017ء کو زیر بحث لانے کا معاملہ نمٹا دیا۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان نے اس جانب توجہ دلائی کہ نیشنل کمیشن کی سالانہ رپورٹ اور صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ ایوان سے خطاب کے بارے میں ایجنڈے بار بار آ رہے ہیں جس کے باعث دیگر ایجنڈا آئٹمز متاثر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان معاملات پر اس سے پہلے بھی کافی بحث ہو چکی ہے لہذا اس معاملہ کو نمٹایا جائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے بتایا کہ وزیر انسانی حقوق اس وقت ملک سے باہر ہیں، آئندہ ہفتہ وہ اس پر بحث سمیٹیں گی جبکہ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ اس معاملہ پر کافی بحث ہو چکی ہے اب یہ چیئرمین کی صوابدید پر ہے کہ وہ اسے نمٹا دیں۔ حکومتی سینیٹر مہر تاج روغانی نے بھی اپوزیشن کی حمایت کی جس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی تحریک نمٹا دی۔