وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا کا فیصلہ، دورے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ اگلے ماہ 3 فروری کو کوالالمپور جائیں گے، مہاتیرمحمد کو ملائیشیا سمٹ میں عدم شرکت کی وجوہات سے آگاہ کریں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی معاہدے طے پانے کا بھی امکان

muhammad ali محمد علی منگل 28 جنوری 2020 20:44

وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا کا فیصلہ، دورے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جنوری 2020ء) وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا کا فیصلہ، دورے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا، عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ اگلے ماہ 3 فروری کو کوالالمپور جائیں گے، مہاتیرمحمد کو ملائیشیا سمٹ میں عدم شرکت کی وجوہات سے آگاہ کریں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی معاہدے طے پانے کا بھی امکان۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 3 فروری کو ملائیشیا کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات بہت اہم تصور کی جا رہی ہے۔ملائیشین وزیراعظم سے ملاقات میں امت مسلمہ کے اتحاد پر بات چیت ہو گی۔وزیراعظم عمران خان مہاتیر محمد کو ملائیشیا سمٹ میں عدم شرکت کی وجوہات سے آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ دورہ ملائیشیاء منسوخ کردیا تھا۔

ملائیشیا میں 18 سے 20 دسمبر تک منعقد ہونے والے کوالالمپور (سمٹ) اجلاس میں وزیراعظم نے شرکت کرنی تھی۔ اس اجلاس میں ترک صدر رجب طیب اردوان، قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی شرکت کی تھی تاہم وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دورے کے بعد دورہ ملائیشیا منسوخ کر دیا تھا۔ چونکہ سعودی عرب کو کوالالمپور سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کو یہ خدشہ تھا کہ کوالالمپور سربراہ اجلاس کہیں او آئی سی کی جگہ نہ لے لے۔

 پھر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے تحفطات کے باعث پاکستان نے فیصلہ کیا کہ کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہیں کی جائے گی۔ بعد ازاں کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سےخود وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کو آگاہ کیا تھا جس پر مہاتیر محمد کا ردعمل تھا “آئی انڈرسٹینڈ”۔