Live Updates

سابق صدر، سابق وزرائے اعظم اور سابق وزیر اعلیٰ کی طرف سے قومی خزانے سے غیر قانونی طور پر خرچ کئے گئے اربوں روپے واپس وصول کئے جائیں گے ،وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید

بدھ 29 جنوری 2020 00:10

سابق صدر، سابق وزرائے اعظم اور سابق وزیر اعلیٰ کی طرف سے قومی خزانے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2020ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق صدر، سابق وزرائے اعظم اور سابق وزیر اعلیٰ کی طرف سے قومی خزانے سے غیر قانونی طور پر خرچ کئے گئے اربوں روپے واپس وصول کئے جائیں گے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملزمان نے غیر قانونی طور پر استعمال کیا گیا یہ عوامی پیسہ خود واپس نہ کیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے لاہور اور ملتان میں اپنی رہائش گاہوں کے علاوہ 5کیمپ آفسز تھے اور تمام اخراجات قومی خزانے سے خرچ کئے جاتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی طرح سابق صدر آصف علی زرداری کے تین کیمپ آفس تھے جبکہ شریف برادران ( سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پجاب شہباز شریف) نے بھی وزیر اعظم اور وزیر اعلی ہائوسز کے علاوہ 5 کیمپ آفس قائم کر رکھے تھے۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ یہاں تک کہ پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد شہباز شریف نے نواز شریف کی رائیونڈ میں رہائش گاہ جاتی امراء کو کیمپ آفس قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی سکیورٹی پر بیک وقت 790 سی1722 پولیس اہلکار تعینات تھے جس پر قومی خزانے کے اخراجات کی لاگت تقریبا 163.7137 ارب روپے بنتی ہے۔

نواز شریف نے اپنی جاتی امراء میں ذاتی رہاشگاہ پرباڑ کی تنصیب پر27کروڑ روپے خرچ کئے اور اس کی سکیورٹی پر2753 اہلکار تعینات تھے۔ مزید برآں ان کے بچوں کی سکیورٹی پر جیسا کہ حمزہ سکواڈ، مریم سکواڈ وغیرہ علیحدہ سکیورٹی لگائی گئی تھی۔ مراد سعید نے کہا کہ نواز شریف کے لندن دورے کے لئے ذاتی طبی معائنہ پر 340 ملین روپے لاگت آئی کیونکہ خصوصی طیارے کے دو چکر لگوائے گئے۔

پہلی مرتبہ خصوصی طیارے نے لندن ہوائی اڈے پر دو دن قیام کیا پھر سابق وزیر اعظم کے بغیر طیارہ خالی وطن واپس آگیا اور پھر خصوصی طیارہ دوبارہ انھیں لینے کے لئے لندن گیا۔ ان کے بھائی شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم کا جہاز 556 مرتبہ استعمال کیا اور غیر ملکی دوروں کے دوران 8.7259 ارب روپے کی پر تعیش اشیاء کی خریداری کی گئی۔ مراد سعید نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بیرون ملک اپنی پر تعیش خریداری پر 3.16 ارب روپے قومی خزانے سے خرچ کئے ۔

نواز شریف نے لندن کے 25 نجی دورے کئے جن پر 1.835 ارب روپے اور آصف علی زرداری نے بطور صدر مختلف ممالک کے 69 دورے کئے جس پر 1.421 ارب روپے خرچ کئے۔ شہباز شریف نے وزیراعلی بننے کے فورا بعدایک ارب 30کروڑ روپے کا اپنی پسند کا نیا ہیلی کاپٹر خریدا کیونکہ شائد پرانا ہیلی کاپٹر ان کے لئے سکون دہ نہیں تھا۔ وزیر اعظم عمران خان وزیر اعظم ہوتے ہوئے بھی بنی گالہ میں اپنی ذاتی رہائشگاہ میں رہتے ہیں یہاں تک کہ انہوںنے ملک کا چیف ایگزیکٹو ہونے کے باوجود اپنی رہاشگاہ بنی گالہ کو جانے والی سڑک بھی اپنی ذاتی خرچ سے بنوائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے غیر ملکی دوروں کے لئے بھی انہوں نے چارٹرڈ طیاروں کے استعمال کے بجائے کمرشل پرواز کے ذریعے سفر کو ترجیح دی ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ سابق وزرائے اعظموں اور صدور کے بیرون ملک مہنگے ترین دوروں کے مقابلے میں وزیر اعظم عمران خان کے نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی کے دوروں کا خرچ صرف68 ہزار ڈالر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے آج عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقوم کو غیر قانونی طور پر خرچ کرنے والے سابق حکمرانوں سے واپس لینے کا ایک بڑا فیصلہ کیا ہے اور اس کے علاوہ کیمپ آفسز کے لئے خصوصی فنڈز مختص کرنے کے حوالے سے قوانین میں ترمیم کی جا رہی ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات