بچہ سے زیادتی کے ملزم کو گرفتاری سے روکنے پر مفتی کفایت الله سمیت دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

بدھ 29 جنوری 2020 10:45

بچہ سے زیادتی کے ملزم کو گرفتاری سے روکنے پر مفتی کفایت الله سمیت دو ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2020ء) دس سالہ بچہ سے زیادتی کے ملزم کو گرفتاری سے روکنے پر جے یو آئی کے رہنما مفتی کفایت الله سمیت دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 27 دسمبر 2019ء کو تھانہ پھلڑہ میں 10 سالہ بچہ (ی) سے زیادتی کے بعد تشدد کا نشانہ بنانے پر ملزم قاری شمس الدین کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ سٹی میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ گرفتاری دینا چاہتا تھا تاہم ملزمان مفتی کفایت الله اور ملزم کے حقیقی بھائی عبدالمالک نے اسے گرفتاری سے روکے رکھا اور یقین دلاتے رہے کہ وہ بذریعہ میڈیا، انفرادی کوشش اور اجتماعی احتجاج سے پولیس کو مجبور کریں گے کہ وہ ملزم کو گرفتار نہ کر سکے جبکہ دونوں ملزمان نے 160 ض ف کے نوٹس کے جواب اور بذریعہ پریس کانفرنس تسلیم کیا کہ انہوں نے ملزم قاری شمس الدین کو خود اپنی رضامندی اور باہمی مشاورت کے بعد پولیس کے حوالہ کیا تھا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملزم دونوں ملزمان کی مکمل دسترس میں تھا اور انہوں نے جان بوجھ کر ملزم کی قانونی گرفتاری کیلئے پولیس کی راہ میں روکاوٹ ڈالیں۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ سٹی مانسہرہ نے انوسٹی گیشن آفیسر سب انسپکٹر محمد فیاض کی مدعیت میں زیر دفعہ 225/34 پی پی سی مقدمہ درج کر کے گرفتاری کی کوششیں شروع کر دی ہے۔ ملزم مفتی کفایت الله کا تعلق جے یو آئی سے ہے اور وہ رکن صوبائی اسمبلی اور ضلع نائب ناظم مانسہرہ بھی رہ چکے ہیں۔