چین میں موجود پاکستانی طلباء میں کرونا وائرس کی تصدیق

وائرس سے متاثرہ شہر ووہان میں 500 پاکستانی طلبا مقامی یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ معاون خصوصی ظفر مرزا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 29 جنوری 2020 12:13

چین میں موجود پاکستانی طلباء میں کرونا وائرس کی تصدیق
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جنوری 2020 ء ) وزارت صحت نے چین میں موجود 4 پاکستانی طلباء میں کرونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ وائرس سے متاثرہ شہر ووہان میں 500 پاکستانی طلبا ہیں جو وہاں کی مقامی یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چین میں پاکستانی سفارتخانہ طلبا سے رابطے میں ہے۔چاروں پاکستانی طلبا کی صحت میں بہتری آئی ہے۔

جب کہ چین میں کرونا وائرس کے سلسلہ میں چین میں مقیم پاکستانیوں کیلئے ہاٹ لائن قائم کر دی گئی ہے۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہاٹ لائن گوآن ژو میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل میں قائم کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں قونصلر جنرل ڈاکٹر دیار خان سے 8618813294841 + پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔گذشتہ روزمعاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کرونا وائرس کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی سیکریٹری صحت، سیکریٹری خارجہ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے سربراہ عامر اکرام اور سرجن جنرل پاکستان نے شرکت کی۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس سے بچاؤ پر حکومتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ افراد کو کرونا وائرس کی صورتحال پر خطوط لکھے۔ ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کا سخت نظام موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں کرونا وائرس پر قبل از وقت انتظامات کیے جائیں، کرونا وائرس کے لیے آئسولیشن وارڈز قائم کیے جائیں۔معاون خصوصی کے مطابق وفاق اور صوبے کرونا وائرس پر کوآرڈی نیشن بہتر بنائیں، صوبوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے اسپتال مختص کر دیے ہیں۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس جان لیوا بیماری سے دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا، چین کے نئے قمری سال کے پہلے دن بیجنگ اور ہانگ کانگ سمیت بڑے شہروں میں تقریبات منسوخ کر دی گئیں، کرونا وائرس کے پیش نظر ہانگ کانگ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، حفاظتی اقدامات کے باعث 15 چینی شہر لاک ڈائون ہونے سے 5 کروڑ 70 لاکھ افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ووہان شہر میں ہنگامی بنیاد پر 1300 بیڈز پر مشتمل نیا ہسپتال بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، چینی شہر ووہان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے  جبکہ اب تک مجموعی طور پر 131 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔