افغانستان میں امریکی بمباری دس سال کی اپنی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی

امریکی جنگی طیاروں نے 2019میں افغانستان میں کٴْل 7423 بم گرائے،یہ سب سے زیادہ سالانہ تعداد تھی،رپورٹ

بدھ 29 جنوری 2020 13:17

افغانستان میں امریکی بمباری دس سال کی اپنی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2020ء) امریکی ایئر فورس کی مرکزی کمان نے کہاہے کہ امریکی جنگی جہازوں نے افغانستان میں 2019 کے دوران اتنے بم پھینکے جن کی گزشتہ ایک عشرے میں کوئی مثال نہیں ملتی۔پچھلے برس کی پہلی ششماہی میں افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکتوں میں اکتیس فیصد اضافہ ہوا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ایئر فورس کی مرکزی کمان کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمارمیں بتایاگیاکہ امریکی جنگی طیاروں نے 2019کے دوران افغانستان میں کٴْل سات ہزار چار سو تیئیس بم گرائے اور گزشتہ دس برسوں کے دوران یہ سب سے زیادہ سالانہ تعداد تھی۔

اس سے قبل 2019 میں امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی افواج نے ہندوکش کی اس ریاست میں 4147بم پھینکے تھے۔

(جاری ہے)

اس وقت افغانستان میں تقریباایک لاکھ امریکی فوجی تعینات تھے اور سابق صدر باراک اوباما نے طالبان کی طرف سے مسلح مزاحمت کے خاتمے کے لیے زمینی فوجی کارروائیوں میں اضافہ کر رکھا تھا۔2016میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد سے امریکا نے افغانستان میں بمباری کا سلسلہ تیز کر رکھا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ان پابندیوں کو ختم کر دیا تھا، جن کے تحت فضائی بمباری سے پہلے وسیع معلومات کا دستیاب ہونا ضروری ہوتا تھا تاکہ عام شہری ایسی بمباری کی زد میں نہ آئیں۔