ڈیوڈ ہسی بھی حارث روف سے متاثر، چپ نہ رہ سکے

مجھے امید ہے کہ وہ پاکستان کی 100 ٹیسٹ میچ، 400 ٹی ٹونٹی اور 150 ون ڈے میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کریں گے

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 29 جنوری 2020 12:26

ڈیوڈ ہسی بھی حارث روف سے متاثر، چپ نہ رہ سکے
میلبورن(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-29جنوری2020ء) سابق آسٹریلیوی سٹار کرکٹر ڈیوڈہسی نے پاکستانی فاسٹ باولر حارث روف کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے امید ہے کہ وہ پاکستا ن کے لئے 100 ٹیسٹ میچ، 400 ٹی ٹونٹی اور 150 ون ڈے میچ کھیلیں گے۔ڈیوڈ ہسی اس وقت آسٹریلیوی کرکٹ لیگ بگ بیش میں میلبورن سٹارز کے ساتھ کوچ کی حیثیت سے موجود ہیں ، حارث روف بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں۔

حارث روف نے اپنی طوفانی باولنگ سے بگ بیش میں بے بازوں کا ٰخوب مقابلہ کیا اور ان کوآوٹ کیا۔اپنی جارحانہ پرفارمنس کی وجہ سے ہی حارث روف کو پاکستان کی انٹرنیشنل ٹیم میں بھی شامل کیا گیا۔حارث روف اس وقت بگ بیش کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں، فاسٹ باولر نے ابھی تک لیگ میں7 میچوں میں 16 کھلاڑیوں کو اپنا نشانہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

بگ بیش لیگ میں اپنی پرفارمنس سے ساری دنیا کو متاثر کرنے والے حارث روف کو پاکستان کی انٹرنیشل ٹیم میں بھی شامل کیا گیا جس میں انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹی ٹونٹی میچ کھیلیں ہیں۔تجزیہ نگاروں کا بھی یہی کہنا ہے کہ حارث روف پاکستان کے لئے ایک لمبے عرصے تک کھیل سکتے ہیں۔واضح رہے کہ حارث روف وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2 سال پہلے تک پروفیشنل کرکٹ نہیں کھیلی تھی۔

لیکن بعد میں لاہور قلند ر کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام میں حصہ لینے والے حارث روف نے پی ایس ایل، بیگ بیش لیگ اور اب پاکستان ٹیم میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔حارث روف کی یہی تعریف کرتے ہوئے آسڑیلوی کرکٹ سٹار کا کہنا تھا کہ حارث روف اس وقت جو بھی کر رہے ہیں، مجھے یقین ہے کے کہ وہ پاکستان کے لئے 100 ٹیسٹ میچ، 400 ٹی ٹونٹی اور 150 ون ڈے میچ کھیلیں گے۔ یاد رہے کہ ڈیوڈ ہسی نے بگ بیش میں پاکستانی سٹار باولر کے ساتھ کام کیا ہے جس کے بعد انہوں نے اپنا تجزیہ پیش کیا۔