نیوم پراجیکٹ کا جنرل پلان دو ماہ میں تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا

اس منصوبے کو مکمل ہونے میں پانچ سال کا عرصہ درکار ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 29 جنوری 2020 12:32

نیوم پراجیکٹ کا جنرل پلان دو ماہ میں تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29جنوری 2020ء) سعودی عرب کی جانب سے اپنے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی اور صنعتی منصوبے ’نیوم پراجیکٹ‘ پر عمل درآمد کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ نیوم پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو نظمی النصر نے بتایا ہے کہ نیوم پروجیکٹ کے جنرل پلان کا اعلان آئندہ دو ماہ میں کیا جائے گا۔ العربیہ نیوز کے مطابق نظمی النصر کا کہنا تھا کہ جنرل پلان پرآئندہ پانچ سال کے دوران مختلف مراحل میں عمل درآمد کیا جائے گا۔

جنرل پلان میں نیوم پروجیکٹ میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کام شامل ہوں گے۔النصر نے اعتراف کیا کہ 'نیوم پروجیکٹ' کے جنرل پلان کی تیاری میں کافی وقت لگا ہے اور ماہرین نے تمام پہلوؤں پر غور کے بعد اس دو ماہ میں اس کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار اور عام شہری سب نیوم پروجیکٹ کے جنرل پلان پرعمل درآمد کے شدت سے منتظر ہیں۔

نیوم کے عمومی ترقیاتی منصوبے پرعمل درآمد میں تین سے پانچ سال کا وقت لگے گا۔ اس دوران نیوم پروجیکٹ میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔نیوم کیڈمی کی افتتاحی تقریب کے بعد بات کرتے ہوئے نظمی النصر نے کہا کہ سال 2020 'نیوم' منصوبوں کو عمل شکل دینے کا سال ہے۔ یہ منصوبہ مملکت کی تعمیر وترقی اور شاندار مستقبل کا ایک روشن باب ثابت ہوگا۔

نیوم اکیڈمی کے قیام کے بعد یہاں پر ہزاروں طلباء کو جدید خطوط پر تعلیم کے حصول کے مواقع ملیں گے۔ اس کے علاوہ تجارت، کاروبار، سرمایہ اور اور سیاحت کے شعبوں کو بھی فروغ ملے گا۔ نیوم منصوبے کے تعلیمی پروجیکٹس کے چھ ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ایک سوال کے جواب میں نظمی النصر کا کہنا تھا کہ ' NEOM ' ایک طویل المیعاد عالمی منصوبہ ہے۔ اس پر کچھ عرصہ قبل ہم نے منصوبہ بندی کے بعد عمل درآمد کے لیے اہم حکمت عملی تیار کرنا شروع کی تھی۔ رواں سال نیوم کے منصوبوں پر باقاعدہ کام شروع کرنے کا سال ہے۔ انہوں نے نیوم پروجیکٹ میں زیادہ سے زیادہ سرماریہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔