پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا

پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا کہ اگر بھارت ایشیا کپ میں شرکت سے انکار کرتا ہے تو پاکستان بھی 2021 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا بائیکاٹ کر دے گا

muhammad ali محمد علی بدھ 29 جنوری 2020 19:48

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29جنوری 2020ء ) پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا، پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا کہ اگر بھارت ایشیا کپ میں شرکت سے انکار کرتا ہے تو پاکستان بھی 2021 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا بائیکاٹ کر دے گا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے رواں برس پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کاکہنا ہے کہ اسے ایشیا کپ کے پاکستان ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم بھارتی ٹیم رواں برس کے ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے کہا ہے کہ میزبانی کے حقوق مسئلہ نہیں ہے، چونکہ بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے راضی نہیں ہے، اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹورنامنٹ کیلئے کوئی غیرجانبدار مقام کاانتخاب کیاجائے۔

(جاری ہے)

اگرایشین کرکٹ کونسل کو بھارت کے بغیر میچ کرانے میں کوئی اعتراض نہیں ہے تو پھریہ میچز بالکل مختلف ہوں گے لیکن اگر بھارت کو اس میں شامل کرنا ہے تو پھر میزبان پاکستان نہیں ہوگا۔ بھارت کی اس روایتی ہٹ دھرمی پر پاکستان نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔ پی سی بی نے اس تمام معاملے کے حوالے سے آئی سی سی کو پیغام بھیجا ہے کہ اگر بھارت بنا کسی ٹھوس وجہ کے پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرتا تو پھر پاکستان بھی 2021 میں بھارت میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرے گا۔

پاکستان کا فیصلہ بھی حتمی ہے اور اسے تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ رواں سال ستمبر میں پاکستان میں کھیلا جانا ہے جس میں شرکت کیلئے بیشتر ٹیمیں تیارہیں لیکن بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر ڈٹا ہواہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ہاکستان ایونٹ کی میزبانی پہلے کی طرح متحدہ عرب امارات میں کرے تو بھارت اپنی ٹیم بھیجے گا، ورنہ نہیں۔