وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتے ہیں ،پاکستان کا مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر اصولی موقف ہے

اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں ،سیاسی جماعتیں اختلافات ختم کرکے یکجہتی کا مظاہرہ کریں ،وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 29 جنوری 2020 22:40

وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتے ہیں ،پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2020ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر اصولی موقف ہے، فلسطین کا مسئلہ حل ہونے تک اسرائیل کو کسی قیمت پر تسلیم نہیں کریں گے، پاکستان ایک پر امن ملک ہے، بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، اگر بھارت نے جارحیت کی تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کا دفاع کرے گی۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کی امنگوں کے مطابق پاکستان بنانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، وزیر اعظم پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتے ہیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق چاہتا ہے، وہ وقت دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا مضبوط ملک بنے گا، تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ آپس کے اختلافات ختم کرکے ملکی مفادات کو ترجیح دیں اور یک جہتی کا مظاہرہ کریں۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان اور خطے کیلئے ضروری ہے، پاکستان نے طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، بدقسمتی سے مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے تاہم امید ہے کہ فریقین کے درمیان جلد دوبارہ مذاکرات کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کے اتحاد کا خواہاں ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن کردار ادا کر رہا ہے