Live Updates

مسلم لیگ ن کے کئی ارکان صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، حکومت اپنے 5 سالہ دور میں معیشت کو مستحکم ، اداروں کو مضبوط اور ملک کی ترقی کے اہداف پورے کرے گی، 2020ء پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سال ہے، معاون خصوصی امور سی ڈی اے علی نواز اعوان کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعرات 30 جنوری 2020 00:15

مسلم لیگ ن کے کئی ارکان صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے کئی ایم پی ایز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل ہونا چاہتے ہیں، حکومت جلد ہی اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرے گی، عوام نے پی ٹی آئی کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، پی ٹی آئی اپنے دور حکومت میں معیشت کو مستحکم کرنے سمیت اداروں کو مضبوط کرنے اور ملک کی ترقی کے اہداف پورے کرے گی، 2020ء پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سال ہے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ موجودہ حکومت کو تباہ حال معیشت ورثے میں ملی تھی، وزیر اعظم عمران خان کی موثر اور جامع پالیسیوں کی بدولت میعشت میں بہتری آ رہی ہے اور اس کو مستحکم کرنے میں وقت لگے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے بھاری قرضے لیکر ملک پر بوجھ ڈالا، ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری بڑھی، موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کے لئے گئے قرض اتارنے سمیت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

معاون خصوصی سی ڈی اے امور نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی نے قومی اداروں کو نقصان پہنچایا ، ان دونوں جماعتوں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے جو ادارے منافع میں جا رہے تھے وہ اب خسارے میں ہیں، حکومت اصلاحات کے ذریعے اداروں کو مضبوط اور منافع بخش بنانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ ملک میں اصلاحات لانے کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے گندم نہیں خریدی جس کی وجہ سے وقتی بحران پیدا ہوا تاہم اب ملک میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم نے جب شجرکاری مہم کی بات کی تو اس کا مذاق اڑایا گیا، اس وقت کلائمیٹ چینج عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات