نقیب اللہ قتل کیس ، ملزم سابق ایس ایس پی ملیر را ؤانوار کے گرد گھیرا تنگ

بیرسٹرفیصل صدیقی کی جانب سے ضمانت منسوخی کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی

جمعہ 31 جنوری 2020 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2020ء) نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی ضمانت منسوخی کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی، جس میں کہا گیا راؤ انوار نے جعلی مقابلے میں بے قصور نقیب کا قتل کیا، ملزم کی ضمانت منسوخ کی جائے۔تفصیلات کے مطابق نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر را ؤانوار کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ، را انوار کی ضمانت منسوخی کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی، درخواست بیرسٹر فیصل صدیقی کی جانب دائر کی گئی۔

دائردرخواست میں کہا گیا ہے کہ راؤ انوار نے جعلی مقابلے میں بیقصورنقیب کا قتل کیا، جس سے معاشرے میں خوف وہراس پھیلا، لہذا ملزم راؤانوار کی ضمانت منسوخ کی جائے۔یاد رہے گزشتہ برس 13 جنوری کو ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے شاہ لطیف ٹاون میں پولیس مقابلہ کا دعوی کیا تھا۔

(جاری ہے)

ٹیم کا موقف تھا کہ خطرناک دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اس کارروائی میں پولیس نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے چار ملزمان کو ہلاک کیا تھا، ہلاک ہونے والوں میں نوجوان نقیب اللہ بھی شامل تھا۔

سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کے بعد اس واقعے کے خلاف عوامی تحریک شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں پولیس مقابلے کی تحقیقات شروع ہوئیں، ایس ایس پی رائو انوار کو عہدے سے معطل کرکے مقابلہ کو جعلی قرار دے گیا تھا۔سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نقیب اللہ کے ماورائے عدالت قتل کا از خود نوٹس کیس مقرر کرتے ہوئے را ؤانوار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم دیا تھا۔

جس کے بعد راو انوار روپوش ہوگئے اور دبئی فرار ہونے کی بھی کوشش کی لیکن اسے ناکام بنادیا گیا تھا لیکن پھر چند روز بعد اچانک وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔نقیب قتل کی تفتیش کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی نے را ؤنوار کو نقیب اللہ کے ماورائے عدالت قتل کا ذمہ دار ٹھہرا یا گیا تھا، بعد ازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مرکزی ملزم اور سابق ایس ایس پی ملیر را انوار کو رہا کردیا تھا۔