جیف بیزوز نے صرف 15منٹ میں 13.5ارب ڈالر کما لئے

جو کام پاکستانی حکومت 6 ماہ میں نہ کر سکی وہ دنیا کی سب سے منافع بخش ویب سائٹ کے مالک نے صرف چند منٹوں میں کر دکھایا

muhammad ali محمد علی جمعہ 31 جنوری 2020 22:59

جیف بیزوز نے صرف 15منٹ میں 13.5ارب ڈالر کما لئے
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جنوری2020ء) جیف بیزوز نے صرف 15منٹ میں 13.5ارب ڈالر کما لئے، جو کام پاکستانی حکومت 6 ماہ میں نہ کر سکی وہ دنیا کی سب سے منافع بخش ویب سائٹ کے مالک نے صرف چند منٹوں میں کر دکھایا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے منافع بخش ویب سائٹ امیزون کے بانی جیف بیزوز نے ناقابل یقین کارنامہ انجام دے ڈالا ہے۔ جمعہ کے روز جیف بیزوز نے صرف 15منٹ میں 13.5ارب ڈالر کما لئے۔

بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز امیزون کے شیئرز میں لگ بھگ 12فیصد اضافہ ہوا جس کے باعث کمپنی کے مالک جیف بیزوز کے اثاثوں میں بھی صرف 15منٹ میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہوگیا ۔ دُنیا بھر میں آن لائن خریداری کے لیے سب سے مشہور ویب سائٹ کے بانی نے صرف 15منٹ میں 13 ارب ڈالرز سے زائد یعنی 20 کھرب روپے پاکستانیہ سے زائد کما کر دُنیا بھر کی بڑی بڑی کمپنیوں کے مالکان کو حیران کر دیا۔

(جاری ہے)

یوں اب جیف بیزوز کی کل دولت کی مالیت 126 ارب ڈالرز ہوگئی ہے اور وہ پھر سے دنیا کے سب سے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کمپنی کی طرف سے کم وقت میں اربوں ڈالر کمانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے صارفین کا کہنا ہے کہ یقینی طور پر امیزون کے بانی جیف بیزوز بہت سے لوگوں کیلئے ایک بہترین مثال ہیں۔ جبکہ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے اس خبر پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیران کن طور پر پاکستان کی حکومت 6 ماہ کی سخت محنت کے بعد بمشکل 20 کھرب روپے سے زائد کے محصولات حاصل کر پائی ہے، جبکہ دوسری جانب جیف بیزوز نے اتنی رقم صرف 15 منٹوں میں کما لی۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ امیزون کے مالک جیف بیزوز اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان دنیا کا امیر ترین شخص بننے کا مقابلہ جاری رہتا ہے۔ کبھی تو جیف بیزوز دنیا کا امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل کر لیتے ہیں، تو کبھی بل گیٹس ان سے یہ اعزاز چھین لیتے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ جیف بیزوز اور ان کی اہلیہ کے درمیان کچھ عرصہ قبل علیحدگی ہوگئی تھی۔ اس باعث جیف بیزوز کو اپنی اہلیہ کو کئی ارب ڈالرز ادا کرنا پڑے تھے، تاہم اس کے باوجود ان کی کل دولت میں کمی ہونے کی بجائے اضافہ ہی ہوا ہے۔