کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوش گوار ،کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق

بارش کے باعث کچھ علاقوں میں سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہو گیا جس نے کیچڑ کا روپ دھار لیا، مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی

منگل 4 فروری 2020 14:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2020ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیزبارش ہونے کے بعد شہر کے کچھ علاقوں میں سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہو گیا جس نے کیچڑ کا روپ دھار لیا,بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ کرنٹ لگنے سے دوافرادجاں بحق ہو گئے،کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بجلی کے کھمبوں، دیواروں اور گرے ہوئے تاروں سے دور رہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہو گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سسٹم اس اچانک بارش کا باعث بنا ہے۔ مغربی سسٹم کے اثرات بارش کی صورت میں نظر آئے، بادل شمال مغرب سے شہر میں داخل ہوئے، ہلکی بارش کے دوران بجلی بھی چمکتی رہی۔

(جاری ہے)

تھوڑی دیر ہونے والی بارش کے بعد شہر کے بیشتر چوراہوں پر کیچڑ اور پانی جمع ہونے کے باعث صبح سویرے شہریوں کو جگہ جگہ ٹریفک جام کی صورتِ حال کا سامنا کر نا پڑا۔

کراچی کے جن علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی ان میں سرجانی ٹائون، نیو کراچی، نارتھ کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹائون، بفر زون، لسبیلہ، گرو مندر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ایئر پورٹ، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اورنگی ٹائون، سائٹ، بلدیہ ٹائون، شیر شاہ، لیاری، لی مارکیٹ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارادر، میٹھادر، ٹاور، کیماڑی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 3.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، کراچی ایئر پورٹ پر محکمہ موسمیات کے سینٹر پر 2.6 ملی میٹر، صدر کے علاقے میں 2.5، شاہ فیصل اور مسرور بیس پر 1.5، سرجانی ٹائون میں 1.2، نارتھ کراچی اور کیماڑی میں 0.5، جناح ایئر پورٹ پر 0.6، جبکہ گلستان جوہر میں 0.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جہاں ہلکی بارش ہوئی، وہاں سڑکوں پر پھسلن بھی ہو گئی جس کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہو کر زخمی ہوئے۔

۔ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایاکہ بارش برسانے والا مغربی سلسلہ شہر سے نکل گیاہے ،جس کے باعث مطلع بالکل صاف ہوگیاہے۔۔دوسری جانب چھیپا ذرائع نے بتایاکہ کراچی سپر ہائی پر غوثیہ شنواری ہوٹل کے قریب کرنٹ لگنے سے 50 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ادھرالآصف اسکوائر کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک نامعلوم شخص جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ہے۔

بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کے ساتھ کے الیکٹرک کا عملہ بھی غائب ہوگیا اور ترجمان کے الیکٹرک نے روایتی بیان جاری کر کے ذمہ داری پوری کرلی۔ترجمان کے الیکٹرک نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نا کریں، ٹوٹے ہوئے تاروں بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹی سے دور رہیں، بارش میں بچوں کا خاص خیال رکھیں اور احتیاط برتیں، برقی آلات ننگے پاوں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں، بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔