اقوام متحدہ کا مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حوالے سے دوہرا معیار ہے

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

منگل 4 فروری 2020 14:55

اقوام متحدہ کا مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حوالے سے دوہرا معیار ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2020ء) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حوالے سے دوہرا معیار ہے‘ مشرقی تیمور کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قرارداد میں 6 سال‘ مشرقی سوڈان کے حوالے سے قرارداد پر 24 سال میں عمل کردیا جاتا ہے لیکن کشمیر کے حوالے سے قراردادوں پر 70 سال سے عمل نہیں ہوا جو افسوسناک ہے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ اس تقسیم کے فارمولے کے تحت ہندو اکثریت والے علاقے ہندوستان اور مسلم اکثریت والے علاقے پاکستان میں شامل ہوں گے لیکن یہاں مہاراجہ کشمیر نے خودمختاری کا خود ساختہ اعلان کرکے ہندوستانی افواج کو کشمیر بلایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشرقی تیمور اور کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کا دوہرا معیار ہے‘ پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کشمیر بارے اپنی قراردادوں پر 70 سال میں عمل نہیں کرا سکی۔ آج مسلمان ممالک اور امہ میں اتحاد و اتفاق نہ ہونے پر ان کا استحصال ہو رہا ہے۔ عراق‘ لیبیا‘ افغانستان‘ شام‘ فلسطین اور کشمیر میں صورتحال سب کے سامنے ہے۔ کشمیریوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے پر عالمی برادری کو ہمنوا بنایا لیکن پھر یہاں اسلام آباد میں دھرنا ہو جاتا ہے جس پر بھارتی میڈیا شادیانے بجانے لگتا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کا دن منانے کا کریڈٹ قاضی حسین احمد کو جاتا ہے۔ یہ دن اب تجدید عہد کے طور پر منایا جانا چاہیے۔