ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا ،محکمہ موسمیات

منگل 4 فروری 2020 20:30

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا ،محکمہ موسمیات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2020ء) ملک کے بیشتر علاقوں میں بدھ کو موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں جزوی ابرآلود/شدیدسرد رہے گا جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور سرد رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ چترال، دیر اور مالم جبہ میں شدید سرد رہے گا جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، گجرات، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ کوئٹہ، قلات اور زیارت میں شدید سرد رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب، قلات، سبی، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، سکھر، کراچی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودہا، راولپنڈی، لاہور، ملتان، بہاولپور اورڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کوئٹہ28، تربت24، ژوب 13، بارکھان، دالبندین، سبی 05، قلات، لسبیلا03، پنجگور01، پاراچنار 06، بالاکوٹ01، کراچی ایئر پورٹ03، گوجرانوالہ37، کوٹ ادو 07، ٹوبہ ٹیک سنگھ 04، فیصل آباد 03، جھنگ 02، مری، لاہور، سرگودہا اور ڈیرہ غازی خان میں ایک ملی میٹر ہوئی۔ منگل کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت سکردو منفی 20، استور منفی12، پاراچنار، بگروٹ منفی 09، ہنزہ منفی06،کالام منفی 04، گلگت، دیر، قلات، مالم جبہ اور راولاکوٹ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔