Live Updates

کشمیر کاز کیلئے عظیم قربانیاں دینے والی مائوں، بہنوں، بیٹیوں، بچوں کو بھی سلام عقیدت پیش کرتے ہیں‘ شہباز شریف

پاکستان کشمیر اور کشمیریوں کے بغیر نامکمل ہے‘ پارٹی رہنما اور کارکنان ملک بھر میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کریں ‘ صدر (ن) لیگ کی ہدایت

منگل 4 فروری 2020 21:07

کشمیر کاز کیلئے عظیم قربانیاں دینے والی مائوں، بہنوں، بیٹیوں، بچوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے تقاریب کا انعقاد کیا جائے ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیر اور کشمیریوں کے بغیر نامکمل ہے،کشمیریوں نے پاکستان بننے سے بھی پہلے پاکستان کے حق میں فیصلہ دے دیا تھا،کشمیری پاکستانیوں سے بھی پہلے پاکستانی ہیں، ان کی جرات، بہادری اور قربانی تاریخ کا روشن باب ہے ۔انہوں نے کہا کہ چھ ماہ سے بالخصوص کشمیری بھارتی درندگی، جبروظلمت کا مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں ،تحریک آزادی کشمیر تحریک تکمیل پاکستان ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا سلسلہ مرحوم قاضی حسین کی تجویز پر شروع ہوا جس پر آج انہیں بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں اسے ایک قومی دن اور کشمیریوں سے محبت وفا کی تاریخ میں بدل دیا۔انہوںنے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کا مطلب یہ ہے کہ کشمیر کاز پر ہم سب ایک ہیں،آج کے دن ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کشمیر کاز کے لئے جان قربان کردی ،کشمیر کاز کے لئے عظیم قربانیاں دینے والی مائوں، بہنوں، بیٹیوں، بچوں کو بھی سلام عقیدت پیش کرتے ہیں،آج کا دن یوم تجدید عہد وفا کا دن ہے کہ کشمیرکی آزادی تک جنگ رہے گی ۔

ا نہوں نے کہا کہ عالمی برادری 71سال سے منتظر کشمیریوں کے ساتھ استصواب رائے کا حق دلانے کا وعدہ پورا کرے ،مقبوضہ وادی میں بہتا خون عالمی مہذب ضمیر اور اقوام متحدہ سے اپنا جائز، قانونی اور پیدائشی حق مانگ رہا ہے۔کشمیر کا تنازعہ حل ہونے تک خطے اور دنیا میں پائیدار امن وسلامتی کی ضمانت دی جاسکتی ،پاکستان مسلم لیگ(ن)کشمیریوں کے حق آزادی کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔انہوںنے کہا کہ آج کے دن کشمیری عوام کی حقیقی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جوبھارتی مظالم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں ،کشمیریوں کی ثابت قدمی، استقلال اور آزادی کی تڑپ نے ثابت کیا ہے کہ شکست بھارت کا مقدر ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات