بھول ہی جائیں کہ اس مرتبہ سردیوں کا موسم ختم ہوگا

موسم کی پیشن گوئی کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں اپریل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، اسی باعث سردی کا موسم بھی طویل ہو جائے گا

muhammad ali محمد علی منگل 4 فروری 2020 22:19

بھول ہی جائیں کہ اس مرتبہ سردیوں کا موسم ختم ہوگا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 فروری2020ء) بھول ہی جائیں کہ اس مرتبہ سردیوں کا موسم ختم ہوگا، موسم کی پیشن گوئی کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں اپریل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، اسی باعث سردی کا موسم بھی طویل ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق موسم کی صورتحال بتانے والی معروف ویب سائٹ نے پاکستان کیلئے اگلے 2 ماہ کے موسم کی پیشن گوئی کی ہے جس کے مطابق اس مرتبہ سردیوں کا موسم طویل ہو جائے گا۔

ویب سائٹ پر اگلے 2 ماہ کے موسم کی پیشن گوئیوں کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اپریل کے آغاز تک ملک میں مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اپریل تک بارشیں ہونے کے باعث سردی کا موسم بھی مارچ کے اختتام تک جاری رہ سکتا ہے۔





دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوا ہے۔ اس نئے سلسلے کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ عمومی طور پر فروری کے ماہ سے ملک میں سردی کی شدت میں کچھ حد تک کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے، تاہم رواں دسمبر اور جنوری کی طرح فروری کے ماہ میں بھی سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ برس موسم گرما کے دوران مون سون کی بارشوں معمول سے زیادہ ہوئی تھیں جس کے بعد ماہرین موسمیات نے پیشن گوئی کی تھی کہ اس برس کے موسم سرما میں سردی کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے۔ ماہرین کی یہ پیشن گوئی درست ثابت ہوئی اور ملک میں دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں ریکارڈ سردی پڑی۔ جبکہ ماہرین نے یہ پیشن گوئی بھی کی تھی کہ ملک میں اس مرتبہ موسم سرما کا دورانیہ قدرے طویل ہو سکتا ہے۔ اب ملک میں بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کے داخل ہونے کے بعد یہ پیشن گوئی بھی درست ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔