انسانی حقوق کی بنیادوں پر مریم نواز کو والد کے پاس جانے کی اجازت دی جانی چاہیے‘ شہباز شریف

مریم نواز کے پاس نہ ہونیکی وجہ سے ڈاکٹروں نے پہلے سے طے شدہ علاج کی تاریخ کو دو مرتبہ تبدیل کیا

بدھ 5 فروری 2020 14:27

انسانی حقوق کی بنیادوں پر مریم نواز کو والد کے پاس جانے کی اجازت دی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کو لندن میں نواز شریف کے پاس جانے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے پہلے سے طے شدہ ان کے علاج کی تاریخ کو دو مرتبہ تبدیل کیا ہے،انسانی حقوق کی بنیادوں پر مریم نواز کو ان کے والد کے پاس جانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ نواز شریف کی صحت تشویشناک ہے اور جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے طبی اقدامات کی گنجائش کم ہوتی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

مریم نواز کے پاس نہ ہونے کی وجہ سے ماہر امراض قلب کو دو بار کارڈیک کیتھیٹرائزیشن کا طے شدہ عمل تبدیل کرنا پڑا۔علاج کے لیے ضروری عمل کو دو مرتبہ تبدیل کیا گیا ہے کیونکہ ان کی بیٹی مریم نواز جو ایسے مشکل وقت میں اپنے والد کے ساتھ ہونا چاہتی ہیں ان کو پاکستان سے بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال سے ان کی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے۔زندگی کے اس مشکل ترین وقت میں مریم نواز ان کے لیے ڈھارس اور قوت کا باعث ہیں، یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ انہیں اپنے والد کی دیکھ بھال کے لئے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔