Live Updates

وزیراعظم آزادجموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور پارلیمانی رہنمائوں کا وزیراعظم پاکستان عمران خان کا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پرتپاک خیرمقدم

پاکستان کشمیریوں کا حقیقی پشتی بان، کشمیری اس کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیں گے،ہم نے قیام پاکستان سے پہلے ہی الحاق کی قرارداد منظور کر کے اپنی منزل کا تعین کر دیا تھا جس پر آج بھی قائم ہیں،رہنمائوں کا خطاب

بدھ 5 فروری 2020 16:57

وزیراعظم آزادجموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور پارلیمانی ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2020ء) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور پارلیمانی رہنمائوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا حقیقی پشتی بان ہے، کشمیری پاکستان کا پرچم کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیں گے، کشمیریوں نے قیام پاکستان سے پہلے ہی الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کر کے اپنی منزل کا تعین کر دیا تھا اور آج بھی اس پر قائم ہیں۔

بدھ کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکر گزار ہوں کہ وہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یہاں تشریف لائے، یوم یکجہتی تمام حکومتوں نے جوش و جذبے سے منایا ہے، اس دن کی اہمیت زیادہ ہے کیونکہ بھارت 5 اگست کا اقدام کر چکا ، تحریک آزادی کشمیر سے قائداعظم کو بہت قربت تھی ، قائداعظم نے شیخ عبداللہ سے کہا کہ کانگرس تمہیں دھوکا دے گی،نہرو کو کشمیر میں آنے ہی نہیں دیا گیا تھا ،لیاقت علی خان ،شہید ذوالفقار علی بھٹو ،ایوب خان ،محمد نواز شریف ،محترمہ بے نظیر بھٹو ،صدر پرویز مشرف بھی مظفرآباد آئے ،پاکستان کے خلاف بھارت نے جو بیانیہ تشکیل دیا ہے اسے مل کر ناکام بنانا ہو گا ،ہمیں پالیسی ساز اداروں کے ساتھ ملکر پالیسی تشکیل دینی ہے ،بھارت جب ٹوٹے گا تو ہماری حکمت عملی کیا ہو گی ہمیں اس پر سوچنا چاہیے ،جارحانہ خارجہ پالیسی بنانے کی ضرورت ہے ،امریکہ کی ثالثی کی پیشکش خطرناک ہے ،غرب اردن میں فلسطین کے ساتھ جو کیا گیا اس سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ ہم تحریک پاکستان کے مجاہد ہیں پاکستان کا مفاد ہمیں عزیز تر ہے ،ہم پاکستان ہیں، قانون ساز اسمبلی میں ایسے ارکان ہیں جن کے بزرگ چالیس کی دہائی میں ارکان اسمبلی تھے ، پاکستان میں رواداری اور سیاسی محبت بڑھائیں ،قومی اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سب کو ساتھ لے کر چلیں ،آزادحکومت کو کردار دیا جائے ، ہم۔

پاکستان کے جھنڈے کو کسی صورت گرنے نہیں دیں گے ،پاکستان ہماری جان ہے یہ ملک مسلم امہ کی رہنمائی کریگا ،پہلے کشمیری اپنے سینے پر گولی کھائیں گے پھر کوئی پاکستان کی طرف بڑھے گا۔ قائد حزب اختلاف چوہدری یٰسین نے وزیراعظم پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر ہم پاکستان کے مشکور ہیں، کشمیری پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیر جلد آزاد ہوگا۔

تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ، مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما ملک نواز خان، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر حسن ابراہیم اور سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے وزیراعظم عمران خان کو قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیلئے آنے پر ان کا بھرپور خیرمقدم کیا۔

ان رہنمائوں نے کہاکہ کشمیریوں نے پاکستان سے وابستگی کا فیصلہ قیام پاکستان سے پہلے کیا تھا، آپ کی یہاں موجودگی اور پاکستانی قوم کی جانب سے یوم یکجہتی منانے پر ہم اس کے شکرگزار ہیں۔ پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری آج بھی پاکستان کا پرچم اٹھائے عزم و ہمت کی زندہ مثال ہیں، ہمارے پاس الحاق پاکستان کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ، اقوام متحدہ میں وزیراعظم کے متاثر کن خطاب کے بعد اس کے فالواپ کی ضرورت تھی، پاکستان میں اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے، قوم کو تقسیم کرنے والے اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات