یوم یکجہتی کشمیر، اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ اکیڈمی میں ہاکی میچز کا انعقاد

جمعرات 6 فروری 2020 18:39

یوم یکجہتی کشمیر، اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ اکیڈمی میں ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2020ء) یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں پانچ فروری کو تین نمائشی ہاکی میچز کھیلے گئے ، پہلا میچ اکیڈمی کے 16 سال سے کم کمر جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں اولمپئین ایاز محمود اور اولمپئین اختر الاسلام الیون کے درمیان کھیلا گیا اس میچ میں سعد اسد کے گول کی بدولت اولمپئن ایاز محمود الیون جیتنے میں کامیاب رہی ۔

دوسرا میچ جو کہ خواتین کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا گیا اس میچ میں بیگم رانا لیاقت علی خان الیون نے فاطمہ جناح الیون کو 2-0 سے شکست دیدی ، فاتح ٹیم کی جانب سے سندس اور خوشبخت نے ایک ، ایک گول اسکور کیا۔ تیسرا اور آخری میچ اکیڈمی کے سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں اولمپئن اصلاح الدین اور ڈاکٹر محمد علی شاہ الیون کے مابین کھیلا گیا جو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابر رہا ۔

(جاری ہے)

سید فیصل رضا اور شاہ زیب نے گول اسکور کئے ۔ان میچوں کے مہمان خصوصی پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اولمپئن سید سمیر حسین تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں یوم کشمیر کے حوالے سے کہا کہ کشمیر پاکستانیوں کی شہ رگ ہے جس کے بغیر جینے کا تصور ممکن نہیں پانچ فروری کادن ہم کشمیریوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کے طور پر مناتے ہیں اب وہ دن دور نہیں جب ہمارے کشمیری بھائی بھارتی ظلم و جبر سے نجات پائیں گے اور کشمیر بنے گا پاکستان ۔ اس موقع پر سید صغیر حسین ، عارف صدیقی ، مزمل حسین ، اسد ظہیر ، سید آل حسن ، عظمت پاشا ، لطافت شاہ ، جان محمد ، محمد اسلم اور دیگر بھی موجود تھے ۔