سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر بھی ان ہاؤس تبدیلی کی کہانی میں شامل

شہبازشریف، میاں محمد سومرو کے علاوہ بھی حنا ربانی کھر بھی ان ہاؤس تبدیلی کی کہانی میں شامل ہیں، اتحادی کمیٹیوں کا نتیجہ صفر نکلے گا، محلاتی سازشیں بڑھتی جائیں گی، چودھری شجاعت باہر چلے گئے۔ سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 6 فروری 2020 22:03

سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر بھی ان ہاؤس تبدیلی کی کہانی میں شامل
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 فروری 2020ء ) سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی کی کہانی میں ایک شخصیت حنا ربانی کھر بھی ہیں، حنا ربانی کھر کے علاوہ ان ہاؤس تبدیلی کی کہانی میں شہبازشریف، میاں محمد سومرو، اور اسد عمر ہیں، محلاتی سازشیں بڑھتی جائیں گی، چودھری شجاعت باہر چلے گئے،اتحادی کمیٹیوں کا نتیجہ صفر نکلے گا۔

انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ جہانگیرترین اور پرویز خٹک کل عمران خان سے ملاقات کریں گے، ان کے درمیان تلخیاں بہت بڑھ گئی ہیں۔اب یہ عمران خان کو بتائیں گے کہ آپ آصف زرداری والی بات نہ کریں کہ معاہدے کون سے قرآن وحدیث ہوتے ہیں، ہم نے اتحادیوں سے معاہدہ کیا ہوا ہے۔ پرویز خٹک کو بھی کمیٹیوں سے نکال دیا گیا تھا، لیکن اب ان کو ساری کمیٹیوں کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پرویزخٹک کو کمیٹیوں میں” نظروٹو “کے طور پر رکھا ہوا ہے۔ تاکہ کمیٹیوں کو نظر نہ لگے۔ یہ کمیٹیاں کام نہیں کر پائیں گی، عمران خا ن کو پارٹی کے اندر گروپنگ ختم کرنی چاہیے۔عمران خان زلفی بخاری پر اعتماد کرتے ہیں،لیکن اب وہ کم عمر ہے ، وہ سینئر رہنماؤں سے کیا بات کریں گے۔ شاہد مسعود نے کہا کہ اتحادی مذاکراتی کمیٹیوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، ان کا نتیجہ صفر صفر نکلے گا۔

چودھری شجاعت بیرون ملک چلے گئے ہیں، چودھری شجاعت کی واپسی تک مسلم لیگ ق مذاکرات کے عمل کو آگے نہیں بڑھائے گی۔ جو مرضی کرلیں، ہر آنے والے دن میں محلاتی سازشیں بڑھتی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہمیشہ ایک عادت رہی ہے کہ وہ خود بات نہیں کرتے، بلکہ دوسروں سے بات کرواتے تھے، چوہدری نثار ، شیخ رشید ، خواجہ آصف سے بات کرواتے تھے۔

کیونکہ اگر ان سے کوئی پوچھے تو وہ کہیں کہ کون سی بات؟ نوازشریف جو چاہتے ہیں ان کے راوی ڈاکٹر عدنان ہیں، انہوں نے ڈاکٹر عدنان سے کہلوایا کہ جب تک مریم نوازنہ آئیں تو میں علاج نہیں کرواؤں گا ۔انہوں نے کہا کہ مریم نوازباہرجائے گی، توشہبازشریف واپس آئیں گے۔ جنگ محبت اور پاکستان میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ تاہم مریم نوازکے باہر جانے میں عمران خان رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ان ہاؤس تبدیلی کی اس پوری کہانی میں ایک شخصیت اور ہے، اسد عمر، شہبازشریف اور میاں محمد سومرو کے علاوہ حناربانی کھر ہیں، یہ خاتون کبھی سیاست پر وہ بات نہیں کرتیں، پہلی وزیرخارجہ ہیں، اقتصادیات پر بڑا کام کیا، اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔