نواز شریف آج جس حال میں ہیں اسکی وجہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے ٹویٹس اور ٹیکے ہیں، فیاض الحسن چوہان

ہفتہ 8 فروری 2020 00:05

لاہور۔7 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ دنیا کا ہر مریض سب سے پہلے اپنے علاج اور تیمارداری کی فکر کرتا ہے۔ نواز شریف واحد مریض ہیں جو علاج نہ کروانے کی ہڑتال پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج جس حال میں ہیں اسکی وجہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے ٹویٹس اور ٹیکے ہیں۔

ڈاکٹر عدنان خود مریض معلوم ہوتے ہیں وہ ان کا کیا علاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے سیاسی صورتحال پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان کی جیلوں میں قید ان لاکھوں خواتین و حضرات کو بھی رہائی دے دی جائے جن کے رشتے دار جیلوں سے باہر بیمار ہیں‘ سب جانتے ہیں کہ بیگم کلثوم نواز اور نواز شریف کو حکومت اور عدالتوں نے پہلے بھی علاج کے لیے ریلیف دیا‘ اس موقع پر وزیر اطلاعات نے پشتون تحفظ موومنٹ کے سرکردہ لیڈران منظور پشتین، محسن داوڑ اور علی وزیر کی جانب سے حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اگر اسوقت امن و سکون ہے، بازاروں میں کاروبار کی ریل پیل، تمام مذاہب اور مکاتبِ فکر کی عبادتگاہوں کا تقدس برقرار ہے، دنیا پاکستان میں سیاحت اور کاروبار کے مواقع دیکھ رہی ہے، بین الاقوامی ٹیمیں کھیلنے کے لیے آ رہی ہیں تو اس کے پیچھے وردی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی افواج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے بیس سال خطِ اول پر اپنا تن من دھن اور جان و مال کی قربانیاں دیکر ہمیں یہ آزادی دی ہے کہ ہم اپنے گھروں میں سکون کی نیند سو سکیں اور ہمارے بچے محفوظ ماحول میں پلیں بڑھیں۔ پہلے را اور این ڈی ایس منگل باغ جیسے لوگوں کو استعمال کرتی تھی، اب انہوں نے تحریکِ طالبان پاکستان دوم کا کردار ادا کرنے والی پی ٹی ایم اور پڑھے لکھے لوگوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی اسٹیبلشمنٹ اور را 27 فروری کی فلم ''طیارے زمین پر'' کے ٹریلر کے بعد جان چکی ہے کہ وہ فرنٹ فٹ پر پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ اس لیے مودی سرکار اب را اور این ڈی ایس کے ذریعے لاکھوں ڈالرز لگا کر ایسے لوگوں کی حمایت کر رہے ہیں جو مظلوم اور نہتے پشتونوں پر ڈرون حملوں کی حمایت کرتے رہے ہیں اور پاکستان کے خلاف بھونکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کو جنرل قمر جاوید باجوہ کی شروع کی ہوئی 2640 کلومیٹر لمبی وہ باڑ کھٹکتی ہے جس کے نہ ہونے سے بلوچوں، پشتونوں اور خیبرپختونخواہ کی عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی تھی۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ افواج پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ پاکستان کے حوصلہ مند اور غیرت مند پشتون را کے ان ایجنٹوں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی اپیل کی کہ پی ٹی ایم کے لیڈران کے خلاف سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔