Live Updates

پی ٹی آئی کے اہم رہنما لیاقت جتوئی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان

سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی کی 9 فروری کو چئیرمین پی پی پی بلاول بھٹو سے ملاقات ہو گی،اہم اعلان متوقع

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 8 فروری 2020 15:42

پی ٹی آئی کے اہم رہنما لیاقت جتوئی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ میں بھی مشکلات کا شکار ہو گئی ۔پاکستان تحریک انصاف سندھ کے اُن رہنماؤں، جنہیں نظر اندازی کے علاوہ کچھ نہیں ملا، نے دوسری جماعتوں کی جانب دیکھنا شروع کر دیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما لیاقت جتوئی کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لیاقت جتوئی کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا گرین سگنل بھی مل گیا ہے۔

لیاقت جتوئی کی 9 فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو سے ملاقات ہو گی جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔لیاقت جتوئی کا کہنا ہے کہ مجھے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت ملی ہے،ساتھیوں سے مشاورت کے بعد فیصکہ کروں گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لیاقت جتوئی کچھ اہم معاملات کو لے کر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے ناراض ہیں۔

اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف کئی سیاسی شخصیات گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے بھی مایوس ہو گئی ہیں۔اسی بات کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی سے پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات نے رابطے کیے تھے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات بھی متحرک ہو گئی تھیں۔

جس کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما پیر مظہر الحق نے لیاقت جتوئی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے ماحول سازگار بنان شروع کر دیاتھا۔ مظہر الحق دادو کی اہم شخصیت ہیں اور وہ لیاقت جتوئی کے ہم جماعت بھی رہ چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر مظہر الحق نے لیاقت جتوئی کو مستقبل میں سینیٹر بنانے کی پیشکش بھی کی تھی۔ ذرائع کے مطابق لیاقت جتوئی کو اس بات کی یقین دہانی بھی کروائی گئی کہ آئندہ عام انتخابات میں جتوئی خاندان کو ایک ایم این اے اور ایک ایم پی اے کی نشست بھی دی جائے گی۔

میڈیا ذرائع نے بتایا کہ لیاقت جتوئی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا معاملہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ جلد ہی جتوئی خاندان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبر بھی سامنے آ جائے گی۔ اس حوالے سے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے جتوئی خاندان کی پارٹی میں شمولیت پر اعتراض کرنے والے رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لے لیا تھا۔ ممکنہ طور پر آئندہ چند دنوں میں جتوئی خاندان کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کی خبروں کی تصدیق ہو جائے گی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو سندھ میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات