چوکے چھکوں کی برسات، شرجیل خان پی ایس ایل کے آغاز سے قبل بھرپور فارم میں آگئے

حیدرآباد میں کھیلے گئے ایک مقامی میچ میں بلے باز نے باولرز کا بھرکس نکال دیا، 22 گیندوں پر 55 رنز بنائے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 8 فروری 2020 23:30

چوکے چھکوں کی برسات، شرجیل خان پی ایس ایل کے آغاز سے قبل بھرپور فارم ..
حیدر آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8فروری2020ء) چوکے چھکوں کی برسات، شرجیل خان پی ایس ایل کے آغاز سے قبل بھرپور فارم میں آگئے، حیدرآباد میں کھیلے گئے ایک مقامی میچ میں بلے باز نے باولرز کا بھرکس نکال دیا، 22 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ بلے باز شرجیل خان نے پی اسی ایل 5 میں واپسی کیلئے بھرپور تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہے۔

شرجیل خان ان دنوں کلب کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد میں ایک کلب کرکٹ میچ میں شرکت کی دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ شرجیل خان نے باولرز کا بھرکس نکال دیا اور 22 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ شرجیل خان حیدرآباد کی پریکٹس پچوں پر گھنٹوں بیٹنگ پریکٹس کررہے ہیں اور اپنی فٹنس بہتر بنانےکی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ کے بڑے سٹیج پر وہ کراچی کنگز کی جانب سے ان ایکشن ہوں گے۔ جبکہ پی ایس ایل میں اچھی کارکر دگی کے بعد امکان ہے کہ شرجیل خان ہالینڈ، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے میں پاکستان ٹیم میں جگہ بناسکیں گے۔گزشتہ برس سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث شرجیل خان نے اپنے کیے پر شرمندگی ظاہر کرتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگی تھی۔ شرجیل خان نے کہا تھا کہ انکے ایک غیر ذمہ دارانہ عمل کی وجہ سے انھیں سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جس پر وہ کرکٹ بورڈ، پاکستانی ٹیم، کرکٹ شائقین اور اپنے اہلخانہ سے غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔

شرجیل خان ساتھی کرکٹر خالد لطیف کےساتھ 2017 ءکی پاکستان سپر لیگ کے موقع پر سپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے اور اسوقت یہ دونوں کرکٹرز اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔ دونوں پر الزام تھا کہ انھوں نے سابق ٹیسٹ کرکٹر ناصرجمشید کے توسط سے ایک مشکوک شخص یوسف انور سے دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں ملاقات کی تھی جس میں مبینہ طور پر سپاٹ فکسنگ کے معاملات طے پائے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے مرحلے میں شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کر دیا تھا جسکے بعد پی سی بی کے ٹریبونل نے شرجیل خان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے ان پر 5 سال کی پابندی عائد کی تھی جس میں سے ڈھائی سالہ معطلی شامل تھی۔ 29 سالہ شرجیل خان ایک ٹیسٹ، 25 ون ڈے اور 15 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونےکی وجہ سے شرجیل خان کو انگلش کاﺅنٹی لیسٹر شائر کے معاہدے سے محروم ہونا پڑا تھا جس نے ان سے ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ستمبر 2016 ءمیں جب لیسٹر شائر نے شرجیل خان سے یہ معاہدہ کیا تھا تو اسوقت کاﺅنٹی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان تھے جو اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں۔