دمشق، اہم شاہراہ پرکنٹرول کے لئے شامی اور روسی فوج کی مشترکہ کارروائی میں 20 شہری جاں بحق

پیر 10 فروری 2020 13:08

دمشق، اہم شاہراہ پرکنٹرول کے لئے شامی اور روسی فوج کی مشترکہ کارروائی ..
بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2020ء) دمشق کو حلب سے ملانے والی باغیوں کے زیر قبضہ اہم شاہراہ پر دوبارہ کنٹرول کی کوشش کے دوران لڑائی میں کم از کم 20 شہری جاں بحق ہوگئے ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ شاہراہ ملک کا اقتصادی مرکز سمجھے جانے والے شہر ادلب کو اردن کی سرحد سے ملاتی ہے۔ شامی آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس نے روسی فوج کے ہاتھوں صوبہ حلب کے کار نوران گاؤں میں 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

برطانیہ میں قائم شامی ادارے نے بتایا کہ حلب کے جنوب مغرب میں حکومت کی حامی فورسز کو جمع ہوتے دیکھا گیا ۔آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبد الرحمن نے بتایا کہ سرکاری فوج نے موٹر وے کے قریبی متعدد دیہاتوں کا کنٹرول حاصل کر لیا جبکہ علاقے میں بم دھماکوںکی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حلب کے مشرق میں اتاریب ضلع اور جنوبی گاؤں کیتیان پرشامی فضائیہ کی بمباری میں 2 شہری مارے گئے جبکہ ایک شخص جسر الشغور شہر کے قریب توپ خانے میں آگ لگنے سے ہلاک ہوا۔

واضح رہے کہ ایم 5 شاہراہ شام کے دو اہم کاروباری مراکزکو آپس میں ملاتی ہے اور ملک میں جاری جنگ کے باعث 9 سال سے بند ہے ۔ حکومت کو توقع ہے کہ یہ سڑک رابطہ بحال ہونے سے اس جنگ زدہ ملک کا معاشی نظام بحال کرنے میں اسے مدد ملے گی۔ حلب شہر کے جنوب مغرب میں شاہراہ کا دو کلو میٹر کا حصہ تاحال حکومتی کنٹرول سے باہر ہے جسے واگزار کرانے کے لئے حکومتی و روسی فوج کئی ہفتوں سے لڑائی میں مصروف ہیں۔ اس لڑائی کے باعظ پانچ لاکھ کی مقامی آبادی ترک سرحد کی طرف ہجرت پر مجبور ہوئی تھی۔