ترکی اور روس کے وفود کے درمیان ادلب کی صورتحال پر مذاکرات

پیر 10 فروری 2020 13:20

ترکی اور روس کے وفود کے درمیان ادلب کی صورتحال پر مذاکرات
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2020ء) ترکی اور روس کے وفود کے درمیان شام کے شہر ادلب کی صورتحال پر مذاکرات ہوئے ہیں۔ ترک نشریاتی ادارے کے مطابق ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ادلب کی صورتحال پر غور کے لئے ترکی اور روس کے وفود نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ترکی کے نائب وزیر خارجہ سیدات اونال کی زیرِ قیادت ترک وفد میں وزارت خارجہ، وزارت دفاع، جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹر اور خفیہ ایجنسی جبکہ روس کے نائب وزیر خارجہ سرگے ویرشینن اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے شام کے لئے نمائندہ خصوصی الیگزینڈر لاورینت ایف کی زیرِ قیادت وفد میں روسی فوجی و خفیہ ایجنسی کے حکام شریک ہوئے۔

مذاکرات میں ادلب کی صورتحال پر غور کیا گیا اور فی الفور امن و امان کے قیام اور سیاسی عمل میں پیش رفت کے لئے ضروری اقدمات پر بات چیت کی گئی۔ واضح رہے مذاکرات کو آئندہ ہفتوں میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔