آج سے جمعرات تک کراچی میں سردی کی شدت کم رہے گی تاہم جمعہ کو ایک بار پھرصبح میں موسم خنک اور سردہوجائے گا،محکمہ موسمیات

رواں سال موسم سرما طویل رہے گا، عام طور پر 15 فروری کے بعد موسم گرم ہوجاتا ہے، لیکن اس بار فروری کے آخر تک ٹھنڈا رہے گا، انجم نذیر

پیر 10 فروری 2020 16:34

آج سے جمعرات تک کراچی میں سردی کی شدت کم رہے گی تاہم جمعہ کو ایک بار ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2020ء) محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آج(منگل)سے جمعرات تک کراچی میں سردی کی شدت کم رہے گی، تاہم جمعہ کو ایک بار پھرصبح میں موسم خنک اور سردہوجائے گا۔ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق 11فروری سے 13فروری تک تک کراچی میں سردی کی شدت کم رہے گی، مغربی ہوائوں کے سسٹم کے باعث ملک کے جنوبی حصے کو سائیبرین ہوائیں متاثر کرنا چھوڑدیں گی۔

انہوں نے کہاکہ سائیبرین ہوائیں نہ چلنے کے باعث دن میں درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ رات میں درجہ حرارت 15 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ رواں سال مغربی ہوائوں کا سسٹم غیر معمولی طور پر عراق، ایران، افغانستان اور ایران کے شمالی حصوں کو متاثر کررہا ہے، اس سسٹم کے اثرات سعودی عرب، خلیجی ریاستوں اور عمان میں غیر معمولی طور پر سردی کی شدت میں اضافے کی صورت میں نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

مغربی سسٹم کے باعث ہی کربلا اور بغداد میں 12 سال کے بعد فروری میں برف باری ہورہی ہے، یہی مغربی ہوائوں کا سسٹم منگل سے بلوچستان کے شمالی اور ملک کے بالائی اور مغربی حصے پر اثرا انداز ہوگا جبکہ سسٹم کے باعث کراچی میں بھی آج سے سردی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ 14فروری سے ایک بار پھر صبح میں موسم خنک اور رات میں سرد ہوجائے گا جبکہ رواں سال موسم سرما طویل رہے گا، عام طور پر 15 فروری کے بعد موسم گرم ہوجاتا ہے، لیکن اس بار فروری کے آخر تک موسم ٹھنڈا رہے گا۔