پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی پلی بارگین آخری مراحل میں رک گئی

ملک ریاض کے داماد زین ملک اور نیب کے درمیان پراپرٹی کی قیمت پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے50ارب کی پلی بارگین رک گئی

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 11 فروری 2020 11:56

پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی پلی بارگین آخری مراحل میں رک گئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-11فروری2020ء) نیب اور پاکستان کی تاریخ کی سے سے بڑی پلی بارگین اپنے آخری مراحل میں رک گئی ہے۔ ملک ریاض کے داماد زین ملک نے نیب کو 4 مختلف کیسز میں پلی بارگین کی پیشکش کی تھی جس کے بعد اس کا عمل جاری تھا۔جن کیسز میں پلی بارگین کی درخواست کی گئی تھیں ان میں بحریہ آئیکون، پنک ریزیڈنسی، بحریہ ٹاون راولپنڈی اور گالف سٹی مری سے متعلق ہیں۔

ان تمام کیسز میں نیب اور زین ملک کے مابین پلی بارگین ہونی تھی جسے دونوں فریقین کی جانب سے روک دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق زین ملک چاہتے ہیں کہ پراپرٹی کی قیمت ڈپٹی کمشر کے مقرر کردہ ریٹس کے مطابق لگائے جائیں جبکہ نیب کا کہنا ہے کہ قیمت کا تعین ہم مارکیٹ کی قیمت کے مطابق کریں گے۔نجی ٹی وی چینل کی ایک رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین میں اس بات پر اکتفا نہ ہونے پر پلی بارگین کو روک دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر قیمت کا تعین ڈی سی ریٹ پر کیا جائے گا تو قیمت چند ارب روپے ہو گی جبکہ اگر مارکیٹ کے مطابق قیمت کا تعین کیا جائے گا تو قیمت تقریباََ50 ارب کے قریب پہنچ جائے گی۔
اسی وجہ سے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی پلی بارگین رک گئی ہے جس سے یقینی طور پر نیب کو بھی پریشانی کاسامنا ہو گی۔

یاد رہے کہ پلی بارگین کی پیشکش ملک ریاض کے داماد زین ملک نے کی تھی جس کے بعد 4 کیسز میں ان کے اور نیب کے درمیان پلی بارگین ہونی تھی۔جن کیسز میں پلی بارگین کی درخواست کی گئی تھیں ان میں بحریہ آئیکون، پنک ریزیڈنسی، بحریہ ٹاون راولپنڈی اور گالف سٹی مری سے متعلق ہیں۔لیکن اب نیب اور زین ملک کے مابین قیمت کے تعین کے طریقہ کار کی وجہ سے پلی بارگین روک دی گئی ہے۔