صنعتوں کی بحالی کیلئے 10بنکوں پر مشتعل کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کمپنی کا قیام خوش آئند ’ افتخار بشیر

بیمار صنعتوں کی بحالی سے ملازمتوں کی لاکھوں مواقع دستیاب ہونگے ،بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا‘صدرگرائنڈنگ ملز ایسویسی ایشن

منگل 11 فروری 2020 13:22

صنعتوں کی بحالی کیلئے 10بنکوں پر مشتعل کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کمپنی کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2020ء) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے وزیراعظم کی ہدایت پر بیمار صنعتوں کی بحالی کیلئے 10بنکوں پر مشتمل کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کمپنی کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کے قیام سے صرف فیصل آباد میں بیمار صنعتوں کی بحالی سے ایک لاکھ سے زائد ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہونگے ۔

بیمار صنعتوں کی بحالی سے ملکی برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حکومتی محصولات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا جس سے ملکی معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ نئے یونٹوں کے قیام سے بہت زیادہ سرمائے کی ضرورت ہوتی ہے اور نئے یونٹ کی پیداواردینے میں بھی تین سے چار سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ بند بیمار یونٹوں کو تھوڑے سے سرمائے سے چالو کرکے فوری طور پر معیشت کے دھارے میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ بند صنعتی ادارے ملکی معیشت پر بوجھ ہوتے ہیں ۔جن کو چالو کرنے سے ملک کی مجموعی پیداواری استعداد میں اضافہ ہوگا اور لاکھوں ملازمتوں کے مواقع سے ملک سے بے روزگاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی ۔