وزیر تعلیم سعید غنی کا لیاری کے مختلف اسکولوں کا دورہ ، اساتذہ کی حاضری اور تدریس کے عمل کا جائزہ لیا

صوبائی وزیر نے اسکولوں اور کالجز میں اسمبلی کے انعقاد نہ ہونے اور کالج میں پرنسپل کی وقت پر موجودگی نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا

منگل 11 فروری 2020 16:48

وزیر تعلیم سعید غنی کا لیاری کے مختلف اسکولوں کا دورہ ، اساتذہ کی حاضری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2020ء) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے منگل کے روز اچانک صبح سویرے لیاری کی مختلف اسکولوں اور کالجز کا دورہ کیا اور وہاں اساتذہ کی حاضری اور تدریس کے عمل کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے اسکولوں اور کالجز میں اسمبلی کے انعقاد نہ ہونے اور کالج میں پرنسپل کی وقت پر موجودگی نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

لیاری کی مختلف اسکولوں اور کالجز میں طلبہ و طالبات کی انرولمنٹ میں کمی پر صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر کالجز کو ہدایات دی کہ قریب قریب کالجز اور اسکولوں کا مکمل ڈیٹا مرتب دیا جائے اور جہاں جہاں انرولمنٹ کم ہیں وہاں کالجز اور اسکولوں کو ضم کرنے کے حوالے سے بھی رپورٹ مرتب کرکے انہیں دی جائے۔اسکولز اور کالجز میں صبح 8-30 بجے اسمبلی کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے اور جو اساتذہ غیر حاضر یا وقت پر نہیں آتے ان کے خلاف محکمہ ذاتی ایکشن لیا جائے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے منگل کی صبح 8-25 پر لیاری کھڈہ مارکیٹ میں قائم عبداللہ ہارون کالج اور اسکول کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز کراچی حافظ عبدالباری جبکہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری، ڈسٹرکٹ سائوتھ کے صدر خلیل ہوت اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

صوبائی وزیر جب کالج پہنچیں تو کالج کے پرنسپل سمیت متعدد اساتذہ غیر حاضر تھے جبکہ وہاں طلبہ بھی موجود نہیں تھے، جس پر صوبائی وزیر نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے کالج سے ملحقہ عبداللہ ہارون گورنمنٹ اسکول کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر اسمبلی کے انعقاد نہ ہونے پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا اور ہدایات دی کہ روزانہ اسمبلی کے انعقاد کو نہ صرف ممکن بنایا جائے بلکہ اس کی تصاویر اور ویڈیو کلپس بھی انہیں بھیجی جائیں۔

صوبائی وزیر نے وہاں جاری تدریس کے عمل کا بھی جائزہ لیا تاہم طلبہ کی انرولمنٹ کی کمی پر بھی تشویش کااظہار کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ اسکول میں انرولمنٹ کی کمی کے باعث یہاں کئی کلاسوں کو ضم کرکے چلایا جارہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے موجود افسران کو ہداتات دی کہ کھڈہ مارکیٹ سمیت لیاری اور شہر بھر میں تمام اسکولوں اور کالجز بالخصوص ان اسکولوں اور کالجز کا ڈیٹا آئندہ 1 ہفتہ میں انہیں فراہم کیا جائے جہاں انرولمنٹ کم ہے۔

انہوںنے کہا کہ یہ بھی رپورٹ مرتب کی جائے کہ کن کن کم انرولمنٹ والے اسکولوں اور کالجز کو قریب ترین دیگر اسکولوں اور کالجز میں ضم کرکے وہاں انرولمنٹ پوری کی جاسکتی ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے بیگم نصرت بھٹو کالج کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہاں صفائی ستھرائی کے فقدان اور کلاس رومز میں صفائی نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوںنے موقع پر موجود ڈائریکٹر کالجز کو ہدایات دی اور فوری صفائی کے احکامات جاری کئے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے عزت خان گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لیاری کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری تدریس کے عمل کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے مختلف کلاس رومز میں جاکر طلبہ سے مختلف سوالات بھی کئے جبکہ انہوںنے اساتذہ اور موجود پرنسپل سے اسکول کے حوالے سے مکمل رپورٹ بھی طلب کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے اسکول میں طلبہ سے اسمبلی کے حوالے سے معلومات لی توانہیں تایا گیا کہ یہاں روزانہ صبح 8 بجے سے 8.30 تک باقاعدگی سے اسمبلی کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں قرآت، نعت، نظم اور بعد ازاں قومی ترانہ پڑھا جاتا ہے جبکہ بچوں کی فریکل فٹنس کے لئے انہیں اسمبلی کے دوران ہی پی ٹی کروائی جاتی ہے، جس پر صوبائی وزیر نے بچوں اور اساتذہ کو شاباشی دی۔

صوبائی وزیر نے اپنے دورے کے اختتام سے قبل لیاری ڈگری کالج برائے خواتین کا بھی دورہ کیا اور کالج کی پرنسپل کے ہمراہ مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا اور وہاں جاری تدریسی نظام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کالج میں صفائی ستھرائی اور بالخصوص کلاس رومز میں صفائی پر خوشی کا اظہار کیا اور طالبات، اساتذہ اور پرنسپل کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر کالجز کو ہدایات دی کہ مذکورہ کالج میں کچھ مرمت کے کام کی ضرورت ہے اس کو جلد مکمل کروایا جائے اور فرنیچر و اساتذہ کی کمی کو بھی پورا کیا جائے۔