اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ، پاک کریسنٹ کلب اور ینگسٹر جیمخانہ کی کامیابیاں

منگل 11 فروری 2020 17:24

اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ، پاک کریسنٹ کلب اور ینگسٹر جیمخانہ کی کامیابیاں
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2020ء) اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاک کریسنٹ کلب اور ینگسٹر جیمخانہ نے کامیابیاں حاصل کرلیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے اور رائزنگ اسٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ آل کراچی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی انوٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں مذید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ ٹی ایم سی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاک کریسنٹ کرکٹ کلب نے ہمدم کرکٹ کلب کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔

ہمدم کرکٹ کلب کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 207 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ سلمان خان نے 10 چوکّوں کی مدد سے 79 رنز اور عبدالرحمٰن نے 3 چوکّوں کی مدد سے 28 رنز اسکور کئے۔ محمد قوی نے 50 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ حسن علی، شیرباز خان اور حذیفہ منیر نے بالترتیب 16، 29 اور 33 رنز دیکر 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں پاک کریسنٹ کرکٹ کلب نے مطلوبہ ہدف 208 رنز 39 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

محمد قیوم نے 11 چوکّوں کی مدد سے 77 رنز، بلال خالد نے 4 چوکّوں کی مدد سے 52 رنز اور خضر خالد نے 3 چوکّوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 30 رنز اسکور کئے جبکہ حظیفہ منیر نے 25 رنز بنائے۔ عمر خان نے 36 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ایمپائرنگ کے فرائض محمد یونس اور شاہد اسلم نے سر انجام دئے جبکہ سید افراسیاب آفیشل اسکورر تھے۔ لانڈھی جیمخانہ گرائونڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں نیو گلستان کرکٹ کلب کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 121 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

گلزار احمد اور محمد سمیع نے بالترتیب 26 اور 19 رنز اسکور کئے۔ جاوید یونس نے 24 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ احد علی اور حسیب خان نے بالترتیب 15 اور 24 رنز دیکر 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں ینگسٹر جیمخانہ نے مطلوبہ ہدف 122 رنز 15.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ احد علی نے 12 چوکّوں کی مدد سے ناقابل شکست 60 رنز اور فیصل رحمٰن نے 2 چوکّوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 22 رنز اسکور کئے۔ محمد اُسامہ اور ارباز صابر نے بالترتیب 9 اور 21 رنز دیکر 1-1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ایمپائرنگ کے فرائض رشید خان اور اختر قریشی نے انجام دئے جبکہ خیام مصطفٰے آفیشل اسکورر تھے۔