گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے پاکستان انجمن ہلال احمر کوقبائلی اضلاع کی صورتحال سے مطابق حقائق پر مبنی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت

ہم جن حالات سے گزرے ہیں یہ ہم پر مسلط کئے گئے تھے اور 60لاکھ مہاجرین کو سنبھالنے کے باوجود پھر بھی دنیا کو ہم وضاحتیں دے رہے ہیں،شاہ فرمان

بدھ 12 فروری 2020 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2020ء) گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے پاکستان انجمن ہلال احمر (قبائلی اضلاع) کوقبائلی اضلاع کی صورتحال سے مطابق حقائق پر مبنی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ رپورٹ سے دنیا کو حقائق کا پتہ چلے گا کہ گزشتہ 40 برس سے ہمارے ساتھ کیا ہورہاتھا کیونکہ ہمارا کوئی مقامی مسئلہ نہیں تھا بلکہ کسی اور کی جنگ کی وجہ سے ہم بہت متاثر ہوئے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں پاکستان انجمن ہلال احمر (قبائلی اضلاع) کے چوتھے سالانہ جنرل باڈی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا نے انجمن ہلال احمر (قبائلی اضلاع) کے لئے آصف خان کی بطور چیئرمین سال 2020-22 کیلئے نامزدگی بھی کی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اجلاس میں گورننگ باڈی کے لئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر اجمل وزیر، سینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی اور مینا خان سمیت دیگر 11 ارکان کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کاکہناتھا کہ ہم جن حالات سے گزرے ہیں یہ ہم پر مسلط کئے گئے تھے اور 60لاکھ مہاجرین کو سنبھالنے کے باوجود پھر بھی دنیا کو ہم وضاحتیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے انجمن ہلال احمر کی استعداد اور خدمات کوسراہتے ہوئے کہاکہ بلاشبہ انجمن ہلال احمر(قبائلی اضلاع)نے مشکل دور میں انسانیت کی خدمت کی اور مذکورہ ادارے کے افراد قبائلی علاقوں کی صورتحال سے بخوبی واقف ہیں اور یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ واری ہے کہ ہم عالمی برادری کواصل حقائق سے متعلق روشناس کرائیں۔