عدالت کا جمشید دستی کو رہا کرنے کا حکم

جمشید دستی کو جلد بازی میں گرفتار کیا گیا۔ عدالتی ریمارکس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 13 فروری 2020 11:14

عدالت کا جمشید دستی کو رہا کرنے کا حکم
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-13فروری2020ء) سابق رکن اسمبلی جمشید دستی کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق جمشید دستی کو گذشتہ ہفتے ملتان سے گرفتار کیا گیا تھا تاہم آج آئل ٹینکر عملہ اغوا اور ڈکیتی کیس میں ان کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے جمشید دستی کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔جسٹس چوہدری مشتاق احمد نے 29 مقدمات میں جمشید دستی کی ضمانت مظور کی۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جمشید دستی کو جلد بازی میں گرفتار کیا گیا۔جسٹس چوہدری مشتاق نے کہا کہ جمشید دستی کو ضمانت ہونے کے باوجود گرفتار کیا گیا۔واضح رہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو آئل ٹینکر کے عملے کو اغوا اور تیل چوری کرنے کے الزام میں 6 فروری کو ملتان سے گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

۔جمشید دستی جمعرات کو مقدمے میں ضمانت کے لیے ہائی کورٹ جا رہے تھے کہ ملتان پولیس نے ہائی کورٹ کے قریب کینٹ کے علاقے سے انہیں گرفتار کر لیا،مقدمے میں نامزد جمشید دستی کے ساتھیوں کو چند دن قبل گرفتار کیا گیا تھا ۔

یاد رہے کہ مظفرگڑھ کی چوک قریشی پولیس نے سابق رکن اسمبلی جمشید دستی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف آئل ٹینکرز کے ڈرائیور اور ہیلپر کے اغوا اور لاکھوں روپے مالیت تیل چوری کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 395، 365، 170 اور 171 کے تحت جمشید دستی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تین افراد کو گرفتار کیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق 24 دسمبر کی رات ڈیرہ غازی خان سے ملتان جانے والے آئل ٹینکر کو پولیس وین نے مظفرگڑھ کے قریب روکا۔ٹینکر روکنے کے بعد ایلیٹ فورس کی وردی میں ملبوس افراد ڈرائیور اور ہیلپر سمیت ٹینکر کو نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں دونوں افراد کو باندھنے کے بعد 40 لاکھ روپے مالیت کے تیل کو دوسرے ٹینکر میں منتقل کردیا گیا۔ملزمان نے ڈرائیور اور ہیلپر کو دو دن تک حبس بے جا میں رکھا جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔

واقعہ کے تین دن بعد آئل ٹینکر کے مالک ڈرائیور کے ہمراہ ضلعی پولیس کے افسر ندیم عباس کے پاس پہنچے اور انہیں واقعے سے آگاہ کیا۔ڈی پی او نے شہر کے ڈی ایس پی عظمت گرومانی کی زیر سربراہی ایک ٹیم تشکیل دی جس نے تحقیقات کے بعد ایلیٹ فورس کے اہلکار فرخ شہزاد کو گرفتار کیا جس نے اقبال جرم کر لیا۔تحقیقات کے دوران مشتبہ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی اور ان کے ساتھی اس جرم میں ایک عرصے سے مصروف ہیں۔