ہلالِ احمر پاکستان کی خون کے عطیات جمع کرنے کی پری مہم کا پارلیمنٹ ہاوٴس سے آغاز

ڈپٹی سپیکر قاسم سوری،اراکین اسمبلی مائزہ حمید چوہدری، محسن داوڑ، امجد خان نیازی سمیت 39 افراد نے خون کے عطیات دیئے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 13 فروری 2020 19:01

ہلالِ احمر پاکستان کی خون کے عطیات جمع کرنے کی پری مہم کا پارلیمنٹ ہاوٴس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 فروری2020ء) ہلال ِاحمر پاکستان کے زیر اہتمام خون کے عطیات جمع کرنے کی پری مہم کا آغاز پارلیمنٹ ہاوٴس کیا گیا۔ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی محمد قاسم سوری نے خون کا عطیہ دے کر اِس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اِس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہلالِ احمر کی خدمات قابل ِ تعریف ہیں، خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم قابل ِرَشک اور وقت کی ضرورت ہے، ہم سب کو آگے آکر خون کا عطیہ دینا چاہیے۔


اِس موقع پر چیئرمین ہلال ِاحمر ابرار الحق نے کہا کہ خون زندگی ہے۔ ایک یونٹ خون سے تین قیمتی انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ ہلال ِاحمر نے ملک گیر خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ پارلیمینٹرینز کی جانب سے خون کا عطیہ دینے کا اقدام قابلِ رَشک ہے اور یہ عام آدمی کیلئے پیغام ہے کہ خون دینا اچھی صحت کیلئے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ابرار الحق نے کہا کہ عوامی نمائندگان کی جانب سے خون کے عطیات دینے کا اقدام تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔ اِ س موقع پر امیر جماعت ِ اسلامی سراج الحق، سینیٹر میاں عتیق، ممبر قومی اسمبلی نفیسہ شاہ،مولانا عبدالاکبر چترالی،رمیش کمارونکوانی، مشاہد اللہ خان، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ، عبدالقادر پٹیل ،اخونزادہ چٹان، شاہد خاقان عباسی، عظمیٰ ریاض جدون، علی وزیر، کنول شوزب و دیگر نے خون کے عطیات دینے کے اقدام کی تعریف کی او راپنے پیغام میں اِس فرض کو نبھانے کی تلقین کی۔

اِس موقع پراراکین قومی اسمبلی محسن داوڑ، مائزہ حمید، جے پرکاش، میرخان محمد جمالی، آفتاب جہانگیر، امجد خان نیازی،جویریا صفدر،ترُک ریڈ کریسنٹ کے ہیڈ آف ڈیلیگیشن ابراہیم کارلوس ودیگر نے بھی خون کے عطیات دیئے۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کے احاطہ میں منعقدہ کیمپ کے دوران کل39یونٹ بلڈ جمع ہوا۔اِس موقع پر سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر جناب خالد بن مجید ، جوائنٹ ڈائریکٹر عبیداللہ خان سمیت ہلال احمر کے افسران اوررضاکار بھی موجود تھے۔