سعودی عوام ایک لاکھ ریال کے ٹریفک جرمانے کی ادائیگی سے بچ گئے

سعودی مجلس شوریٰ نے ٹرانسپورٹ قانون کی خلاف ورزی کا جرمانہ پانچ ہزار ریال سے بڑھا کر ایک لاکھ ریال کرنے کی سمری مسترد کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 فروری 2020 13:01

سعودی عوام ایک لاکھ ریال کے ٹریفک جرمانے کی ادائیگی سے بچ گئے
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14فروری 2020ء) سعودی عرب میں کچھ عرصہ قبل بہت سے ٹریفک جرمانوں پر عائد جرمانوں کی رقم میں اضافہ کر دیا تھا۔ جس پر عوام کی جانب سے خاصی تشویش کا اظہار کیا تھااو رجرمانوں میں کمی لانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر حکومت نے توجہ نہیں دی۔ تاہم عوام کے لیے ایک تسلی بخش خبریہ ہے کہ وزارت مواصلات کی جانب سے ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں کی رقم بڑھانے کا مطالبہ مجلسِ شوریٰ کی جانب سے مسترد کر دیا گیا ہے۔

وزارت مواصلات کی جانب سے مجلس شوریٰ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ پانچ ہزار ریال سے بڑھا کر ایک لاکھ ریال تک مقرر کیا جائے تاکہ ٹریفک خلاف ورزیوں میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکے۔ وزارت مواصلات کا کہنا تھا پانچ سو سے پانچ ہزار ریال تک کا جرمانہ عائد کرنا زیادہ فائدہ مند ثابت نہیں ہو رہا اور ٹریفک خلاف ورزیوں میں کوئی کمی نہیں آ رہی۔

(جاری ہے)

اس لیے جرمانوں کی حد ایک لاکھ ریال تک بڑھائی دی جائے۔ تاہم مجلسِ شوریٰ نے اس مطالبے سے اتفاق نہیں کیا صرف یہ طے ہوا ہے کہ کوئی بھی شخص ٹرانسپورٹ قانون یا ضوابط کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اس پر کم از کم پانچ سو ریال جبکہ زیادہ سے زیادہ پانچ ہزار ریال تک کا جرمانہ ہو گا۔ تاہم مجلس شوریٰ نے اس تجویز سے اتفاق کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور کا لائسنس ایک سال کے لیے معطل کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مملکت میں نجی عمرہ کمپنیوں کی بسوں کے لیے نئے ٹریفک قوانین متعارف کرائے گئے ہیں۔ نجی عمرہ کمپنیوں کے بس ڈرائیورز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بس چلاتے وقت سارا دھیان ڈرائیونگ پر رکھیں۔ اگر کوئی ڈرائیور چلتی بس میں موبائل فون استعمال کرتے پایا گیا تو اس پر دو ہزار ریال کا بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ کسی بھی ڈرائیور کو بس کے اندر سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں ہوگی، اور نہ ہی وہ کسی مسافر کو ایسا کرنے کی اجازت دے گا۔

اس قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں ڈرائیور کو پانچ سو ریال کا جرمانہ بھرنا پڑے گا۔ دوران سفر اگر کسی بس کے دروازے ٹھیک طرح سے بند نہ پائے گئے تو اس غفلت کی صورت میں ڈرائیور پر دو ہزار ریال کا چالان عائد کیا جائے گا۔ بس میں سیٹوں کے درمیانی راستہ میں مسافروں کا اضافی سامان رکھوانے پر ڈرائیور کو ایک ہزار ریال جرمانے کا صدمہ سہنا پڑے گا۔

اسی طرح بس کے اندر مسافروں کے لیے نقصان دہ مواد یا سامان رکھوانے پر بھی ڈرائیورز کو دو ہزار ریال کا جرمانہ ہو گا۔ اسی طرح مسافروں کا بھاری سامان بس کے مخصوص کمپارٹمنٹ میں ہی رکھوایا جائے گا۔ خلاف ورزی پر دو ہزار ریال کا جرمانہ بھرنا ہو گا۔ محکمہ ٹریفک نے پابند کیا ہے کہ ڈرائیورز ذہنی و جسمانی معذور افراد کو بس میں سوار ہونے میں مدد فراہم کریں گے اور ان کا دورانِ سفر دھیان بھی رکھیں گے، ورنہ ان پر 500ریال کا جرمانہ عائد ہو سکتا ہے۔

نجی عمرہ کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ عمرہ اور حج زائرین کو معیاری بسیں فراہم کریں گی۔عمرہ کمپنیوں کو بسیں کرائے پر فراہم کرنے والی کمپنیوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ وزارت حج کی متعلقہ کمیٹی کی جانب سے بس کا این او سی جاری ہونے تک اسے کرائے پر فراہم نہیں کریں گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں پانچ ہزار ریال فی بس کے حساب سے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔این او سی کی پابندی ماضی میں عمرہ اور حج زائرین کو ناقص اور غیر معیاری بسوں کے سفر کے دوران جان لیوا حادثات کی روک تھام کی خاطر لگائی گئی ہے۔