خوراک کی قیمتوں میں کمی کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،

سرکاری شعبہ کے اسٹاکس سے گندم کی باقاعدہ فراہمی برقرار رکھیں گے وفاقی وزیر اسد عمر کا غذائی افراط زر پر قابو پانے کے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 14 فروری 2020 17:59

خوراک کی قیمتوں میں کمی کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ خوراک کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، سرکاری شعبہ کے اسٹاکس سے گندم کی باقاعدہ فراہمی برقرار رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو غذائی افراط زر پر قابو پانے کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے خوراک و زراعت مخدوم خسرو بختیار ، میاں اسلم اقبال وزیر صنعت و تجارت پنجاب ، منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی اسٹور عمر لودھی ، سیکرٹری خوراک محمد ہاشم پوپل زئی اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں قیمتوں کے بڑھتے ہوئے بحران پر جلد از جلد قابو پانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ خوراک کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک کے تمام صوبوں میں گندم، چینی، آٹا، خوردنی گھی / تیل، آلو، پیاز اور دالوں سمیت 18 ضروری اشیاء کی قیمتوں کی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح عوام کو ضروری اشیاء خوردونوش انتہائی معقول قیمت پر فراہم کرنا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق کابینہ کے اگلے اجلاس میں وزیر اعظم کو اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے لیے مزید سفارشات دی جائیں گی۔

اسد عمر نے کہا کہ سرکاری شعبہ کے اسٹاکس سے گندم کی باقاعدہ فراہمی برقرار رکھیں۔ وفاقی وزیر نے یوٹیلیٹی سٹورز کے مینجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی کو دالوں کی قیمتوں کی جانچ کرنے کی ہدایت کی اور وزارت خوراک کو کھانے پینے کی اشیاء پر مقامی پیداوار بڑھانے کے لئے حکمت عملی بنانے پر زور دیا۔ اسد عمر نے پیاز اور آلو کی تجارت کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے دباؤ میں رواں ماہ (فروری 2020) سے کمی آنا شروع ہوجائے گی اور امید کی جا رہی ہے کہ افراط زر میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔