انکار ختم نبوت کا اصل علاج اسوہ سیدنا صدیق اکبرؓ میں پنہاں ہے ،جنہوںنے آپﷺ کے حکم سے جھوٹے مدعی نبوت مسلیمہ کذاب کا قلع قمع کروایا،رہنماء مجلس احراراسلام پاکستان

جمعہ 14 فروری 2020 22:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2020ء) مجلس احراراسلام پاکستان کے قائدین ،رہنمائوں اور مبلغین ختم نبوت نے کہاہے کہ فتنہ انکار ختم نبوت کا اصل علاج اسوہ سیدنا صدیق اکبرؓ میں پنہاں ہے ،جنہوںنے آپﷺ کے حکم سے جھوٹے مدعی نبوت مسلیمہ کذاب کا قلع قمع کروایا اور اس معرکے میں بارہ سوحفاظ حضرات صحابہ کرامؓ شہید ہوئے ۔قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے اپنے بیان میں کہاہے کہ پوری امت کی نجات آپ ﷺ کے احکامات پر عمل پیرا ہونے میں ہے اور حضرات صحابہ کرامؓ نے دین پرجس استقامت کے ساتھ عمل کرکے دکھایا وہ اسوہ ہی ہمارے لیے قابل عمل ہے ۔

مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمدکفیل بخاری نے کہاہے کہ سودی معیشت کے ہوتے ہوئے پاکستان اقتصادی طورپر اپنے پائوں پر کبھی کھڑ انہیںہوسکتا۔

(جاری ہے)

سود کی بقاء دراصل یہودونصاریٰ کا ایجنڈاہے تاکہ کمزورممالک کا استحصال جاری رہے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاہے کہ خلیفہ اول بالفصل سیدنا صدیق اکبرؓ کا منکرین ختم نبوت کیخلاف جہاد پوری امت مسلمہ کے عقیدے کی عکاسی کرتاہے ۔

انہوںنے کہاکہ تحریک ختم نبوت 1953ء کے دس ہزار شہداء کی یاد میں6مارچ کو ملک بھر میں یوم شہداء ختم نبوت منایا جائیگا جبکہ مارچ کا پورا مہینہ مختلف مقامات پر ختم نبوت کانفرنسوں کا انعقاد ہوگا اور قادیانی ریشہ دوانیوں کو طشت ازبام کیاجائیگا ۔سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری،قاری محمدیوسف احرار ، میاں محمد اویس،مولانامحمدمغیرہ ، مولاناتنویرالحسن احرار،ڈاکٹر محمد آصف،سید عطاء المنان بخاری،مولانا محمد سرفراز معاویہ ،مولانا عتیق الرحمن علوی اور دیگر نے اپنے اپنے خطبات وبیانات میں کہاہے کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ اور قادیانی ریشہ دوانیوں کا سد باب ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو ہماری بہادرفوج کے ہوتے ہوئے کوئی خطرہ نہیں ہے ۔مختلف رہنمائوں نے کہاہے کہ اسلام کے نفاذ کی پر امن جدوجہد اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کا آئین ہمیں حق دیتاہے اور اس حق کو سلیقے سے بیان کرناہماری ذمہ داری ہے۔انہوںنے کہاکہ ترکی کے صدر طیب اردگان کا تما م پاکستانی پر جوش خیرمقدم کررہے ہیں جو دونوں ممالک کے لیے نیک شگون ہے ۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمرفاروق احرار نے اپنے بیان میں کہاہے کہ فروری ،مارچ اوراپریل میں مجلس احراراسلام کے زیراہتمام مختلف سطح پر تربیتی وتعلیمی پروگراموںاور کورسز کو حتمی شکل دی جارہی ہے جن کا اعلان چند روز میں کردیاجائیگا۔