سعودی عرب پانی کی کمی مصنوعی بارش سے پوری کرے گا

ہفتہ 15 فروری 2020 10:40

سعودی عرب پانی کی کمی مصنوعی بارش سے پوری کرے گا
جدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2020ء) سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کے مطابق سعودی کابینہ نے ملک میں مصنوعی بارش کے جس منصوبے کی منظوری دی ہے اس سے بارش کا تناسب20 فیصد تک بڑھ جائے گا۔ سعودی عرب میں فی الوقت بارش کا سالانہ اوسط 100ملی میٹر سے زیادہ نہیں بڑھتا۔ اس کی وجہ سے سعودی عرب انتہائی خشک ممالک کی فہرست میں چلاگیا ہے۔

سعودی عرب دریاوں،جھیلوں اور مستقل نوعیت کے کھلے آبی ذخائر سے بھی محروم ہے۔

(جاری ہے)

وزارت ماحولیات و پانی کا کہناہے کہ سعودی کابینہ نے مصنوعی بارش پروگرام کی منظوری گزشتہ عشروں کے دوران آبی وسائل پر دباو بڑھ جانے کی وجہ سے دی ہے۔سعودی عرب میں پانی کی سالانہ موجودہ طلب 24ارب مکعب میٹرتک پہنچی ہوئی ہے۔سعودی عرب اپنی آبی ضروریات مختلف ذرائع سے پوری کررہا ہے۔ 2.7 ارب مکعب میٹرکھارا پانی استعمال کے قابل بنارہا ہے جبکہ 80 تا 85 فیصد تک آبی ضروریات زیر زمین آبی ذخائر سے پوری کی جارہی ہیں۔سعودی عرب نے مصنوعی بارش کا پہلا تجربہ 2006 کے دوران ملک کے وسطی علاقے میں کیا تھا۔