سعودی عرب میں سکول بس کو اوور ٹیک کرنے پر بھاری جرمانہ ہو گا

محکمہ ٹریفک کے مطابق سکول بسوں کو اوور ٹیک کرنے پر تین ہزار سے چھ ہزار ریال تک جرمانہ ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 فروری 2020 14:05

سعودی عرب میں سکول بس کو اوور ٹیک کرنے پر بھاری جرمانہ ہو گا
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15فروری 2020ء) سعودی عرب میں سکول جانے والے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی خاطر ایک بڑا اعلان کیا گیا ہے۔ سبق ویب سائٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت بھر میں سکول بس کو اوور ٹیک کرنے پر بھاری جرمانہ ہو گا۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق اگر کسی بھی ڈرائیور نے اسکول بس کے رُکتے وقت اُسے اوور ٹیک کیا تو اس خلاف قانون حرکت پر تین ہزار سے چھ ہزار ریال تک کا جرمانہ عائد ہو گا۔

محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ اس بھاری جرمانے کو عائد کرنے کا مقصد لوگوں میں یہ احساس اُجاگر کرنا بھی ہے کہ سکول جانے والے بچے بچیوں کی زندگیوں کا تحفظ کس قدر اہم ہے۔ سکول بسوں کو جگہ جگہ بچوں کو اُتارنے اور بس پر سوار کرانے کے لیے رُکنا پڑتا ہے۔ بچے سڑک پر اپنی حفاظت کے معاملے سے اتنے سمجھدار نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے کسی رُکی ہوئی بس کو اوور ٹیک کرنے پر سخت جرمانے کی سزا کا اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مملکت میں کئی ایسے واقعات پیش آئے ہیں جن میں کسی سکول بس کے رُکنے کے دوران دوسری گاڑیوں کے لاپروا ڈرائیورز کے نہ رُکنے کے باعث طلبہ و طالبات حادثے کا شکارہو کر زخمی ہوئے یا موت کے منہ میں چلے گئے۔ انہی واقعات کے سدباب کے لیے بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہاں یہ بتاتے چلیں کہ سعودی نوجوانوں میں ٹائر سکریچنگ کا شوق بڑھتا ہی جارہا ہے۔

اکثر ٹِک ٹاک اور ٹویٹر پر ایسی ویڈیو سامنے آتے ہیں جن میں سعودی نوجوان گاڑیوں کے خطرناک کرتب دکھاتے نظر آتے ہیں۔ حالانکہ ٹائر سکریچنگ اور دیگر کرتب کی ٹریفک قوانین میں کوئی گنجائش نہیں ہے، اور ایسا کرنے والوں کو جیل بھی جانا پڑ جاتا ہے، تاہم شوقین نوجوان نتائج کی پرواہ کیے بغیر اس طرح کی حرکات کرتے ہی رہتے ہیں۔ مگر اب کی بار کسی سعودی لڑکے نے نہیں بلکہ سعودی لڑکی نے سرِعام ٹائر سکریچنگ کر کے سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔

ایڈونچر کی دلدادہ اس سعودی لڑکی کی ٹائر سکریچنگ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ جس کے بعد پولیس نے اس مہم جو طبیعت کی مالک لڑکی کو گرفتار کر لیا ہے۔ سعودی اخبار 24 میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق قطیف کمشنری میں ساحلِ سمندر پر اپنی اسپورٹس کار سے ٹائر سکریچنگ کرنے والی لڑکی گرفتار کر لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی کی گرفتاری سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ کے بعد کی گئی، جس میں لڑکی کو خطرناک انداز سے عوام کی سیر و تفریح کے لیے مخصوص ساحل ِ کے پاس گاڑی کے خطرناک کرتب کرتے دکھایا گیا۔

سوشل میڈیا پر کئی منچلوں نے سعودی لڑکی کی مہارت پر اسے سراہا تاہم زیادہ تر صارفین نے سعودی لڑکی کے اس فعل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دیگر لڑکیوں کے لیے ایک منفی ترغیب قرار دیا۔